گوادر(ڈیلی گرین گوادر)نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی رات کی فائر ایمرجنسی مشق کامیابی سے مکمل کرلی گئی۔ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق مشق کا مقصد کسی بھی ممکنہ ہوائی حادثے کی صورت میں ہنگامی ردعمل کے نظام اور اداروں کے باہمی روابط کو جانچنا تھا۔مشق کے دوران طیارے میں آگ لگنے کی فرضی صورتحال تخلیق کی گئی جس پر ریسکیو ٹیموں نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔ ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور متاثرین کو ریسکیو کرتے ہوئے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ایمرجنسی مشق میں زخمیوں کے لئے باقاعدہ ٹریاژ زون قائم کیا گیا جہاں متاثرین کی درجہ بندی اور فوری طبی امداد دی گئی۔ مشق میں اے ایس ایف، ریسکیو ٹیموں، طبی عملے اور دیگر ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کا موثر مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔چیف فائر اینڈ ریسکیو آفیسر کی زیر نگرانی مشق کے دوران فیلڈ کمانڈ، ایئرپورٹ ایمرجنسی پلان اور لائٹنگ، ویزبیلیٹی اور کمیونیکیشن جیسے اہم پہلوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سینئر حکام نے ایمرجنسی ردعمل کے تمام پہلوں کا معائنہ کیا اور اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق اس مشق کا مقصد ایئرپورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کو مزید موثر بنانا اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو بہتر بنانا ہے۔ مشق میں فائر فائٹرز، طبی عملہ، سیکیورٹی اہلکار اور متعلقہ ایجنسیاں بھرپور طور پر شریک رہیں۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی رات کی فائر ایمرجنسی مشق کامیابی سے مکمل

ٹیگز:
نیو گوادر
