وندر(ڈیلی گرین گوادر) وندر سٹی پل کے نیچے سے نومولود بچے کی نعش برآمد ہونے کے افسوسناک واقعے نے شہر کو سوگوار کر دیا، جبکہ عوامی، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اطلاع ملنے پر وندر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو ریسکیو 1122 کے ذریعے مرکز منتقل کیا، جہاں ابتدائی کارروائی کے بعد نعش کو سماجی شخصیت فقیر سکندر علی انگاریہ اور ان کے ساتھیوں کے حوالے کیا گیا۔بعد ازاں مفتی اللہ بخش گونگہ کی امامت میں نومولود کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور اسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی انسانیت سوز ہے اور ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ایس ایچ او وندر قاضی صابر رونجھو کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران ایک لیڈی ڈاکٹر اور ایک شخص کو حراست میں لے کر شامل تفتیش کیا گیا ہے، اور جلد اصل مجرموں کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔دوسری جانب شہریوں، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے کارکنان اور سماجی تنظیموں نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نومولود کی جان لینے والوں کو نشانِ عبرت بنایا جائے اور مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قانونی اقدامات کیے جائیں۔
وندر میں نومولود بچے کی نعش برآمد لیڈی ڈاکٹر اور ایک شخص گرفتار

