کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی بجٹ برائے مالی سال 2025-26 ان شا اللہ 17 جون کو پیش کیا جائے گا، جسے بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور جامع بجٹ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں عوامی فلاح، سماجی ترقی، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کو ترجیح دی گئی ہے۔میر شعیب نوشیروانی نے پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ مختلف حصوں پر مشتمل ہوتا ہے جن میں نان ڈویلپمنٹ یعنی روزمرہ اخراجات، مختلف ڈیپارٹمنٹس کی گرانٹس، خود مختار اداروں اور پبلک پرائیویٹ سیکٹرز کو دی جانے والی امداد شامل ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس سال صوبے کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے لیے گرانٹس کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تعلیم کے شعبے کو مستحکم کیا جا سکے۔صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ پی ایس ڈی پی :پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام: پر بھی سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے اور کوشش ہے کہ ایسی سٹریٹیجک اسکیمات شامل کی جائیں جن کا براہ راست اثر عام آدمی کی زندگی پر ہو۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر اور کنیکٹیوٹی کے منصوبوں کو بجٹ میں اولین ترجیح دی گئی ہے کیونکہ یہ شعبے صوبے میں شدید مسائل کا شکار ہیں۔انفراسٹرکچر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم شکر گزار ہیں کہ وزیراعظم نے این-25 :کراچی تا کوئٹہ ہائی وے: اور اس سے منسلک دیگر شاہراہوں کے لیے بجٹ میں اچھی خاصی رقم مختص کی ہے، جس سے 800 کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی بحالی اور بہتری ممکن ہوگی۔”انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے جاری منصوبوں کے لیے بھی فنڈز کی اچھی لوکیشن رکھی گئی ہے جبکہ صوبائی پی ایس ڈی پی میں تعلیم، صحت اور سڑکوں کے ساتھ ساتھ سماجی و معاشی بہتری کو مدنظر رکھا جا رہا ہے تاکہ ترقی کا اثر براہ راست عوام تک پہنچ سکے۔اپوزیشن کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور امید ہے کہ آج سے اپوزیشن سے باضابطہ ملاقاتوں کا آغاز ہوگا۔ ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کو بھی اعتماد میں لیا جائے کیونکہ وہ بھی عوامی نمائندے ہیں اور ان کے حلقے بجٹ سے محروم نہ رہیں۔میر شعیب نوشیروانی نے اعتماد ظاہر کیا کہ بجٹ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے ایک متوازن، جامع اور عوامی مفاد کا حامل دستاویز پیش کیا جائے گا جو صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کرے گا۔
بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ پیش کریں گے ،میر شعیب نوشیروانی

