کوہلو (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے ضلع کوہلو کے پہاڑی علاقے میں پھیلنے والی شدید آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے مطابق اس آگ سے کئی ایکڑ پر محیط قدرتی جنگلات، چراگاہیں اور نایاب جڑی بوٹیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ڈویژنل فاریسٹ آفیسر جان محمد کاکڑ نے بتایا کہ علاقے کا مکمل سروے کر کے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آگ بجھانے کی کارروائی میں لیویز فورس کی کوئیک ریسپانس ٹیم نے مرکزی کردار ادا کیا جبکہ مقامی رضاکاروں نے بھی بھرپور تعاون فراہم کیا۔رینج فاریسٹ آفیسر امیر خان مری نے لیویز فورس اور عوامی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے ایک بڑے نقصان سے بچا گیا۔ محکمہ جنگلات نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی ہے، جو آگ لگنے کی اصل وجوہات کا تعین کرے گی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ آگ ممکنہ طور پر انسانی غفلت یا غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں کے باعث لگی، تاہم حتمی رپورٹ انکوائری کے بعد جاری کی جائے گی۔ ڈویژنل حکام نے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مقامی آبادی، لیویز فورس اور محکمہ جنگلات کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر مبنی ایک ہنگامی پلان تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
کوہلو کے پہاڑی علاقے میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا

