کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عوام پاکستان بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے بلوچستان گرینڈ الائنس کی احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر احتجاج میں شرکت کریں گے اور ملازمین کے جائز مطالبات کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، الاونسز، ہاس رینٹ، میڈیکل سہولیات اور دیگر مراعات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ کو بلا تاخیر منظور کیا جائے۔پروفیسر حلیم صادق نے کہا کہ بلوچستان کے سرکاری ملازمین عرصہ دراز سے مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں، جبکہ حکومت کی طرف سے مسلسل نظر انداز کیا جانا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس کے مطالبات آئینی، انسانی اور معاشی بنیادوں پر نہایت جائز ہیں، جن پر فوری پیش رفت ضروری ہے تاکہ ملازمین ذہنی سکون کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھ سکیں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر مطالبات پر سنجیدگی سے عمل نہ کیا گیا تو احتجاج شدت اختیار کرسکتا ہے جس سے تعلیمی ادارے، صحت کا نظام اور دیگر اہم شعبے متاثر ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام سیاسی و سماجی قوتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری ملازمین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں۔پروفیسر حلیم صادق نے کہا کہ عوام پاکستان ہمیشہ محنت کش طبقے کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور اب بھی اس تحریک میں شانہ بشانہ ساتھ دے گا تاکہ بلوچستان کے ملازمین کو ان کا حق مل سکے۔
عوام پاکستان بلوچستان کا گرینڈ الائنس کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کردیا، پروفیسر حلیم صادق

ٹیگز:
حلیم صادق
