کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک اسکول بس کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خضدار میں اسکول بس پر حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید اور متعدد بچے زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بزدلانہ حملہ بھارت کے دہشت گرد نیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں سے کروایا اسکول جانے والے معصوم بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج، پوری قوم کی حمایت کے ساتھ بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا ہر سطح پر قلع قمع کریں گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس بزدلانہ حملے کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور حملہ آوروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی حکومت کی اخلاقی پستی اور انسانیت دشمن پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے،بھارتی ریاستی دہشت گردی کا یہ مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں عبرت ناک شکست کے بعد بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت، بدامنی پھیلانے کے لیے اپنے ایجنٹوں کو استعمال کر رہا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خضدار میں اسکول بس پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا اسکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ ان کی بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشت گردوں نے اسکول بس پر حملہ کرکے درندگی کی تمام حدیں پار کرلیں، بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔وزیراعظم نے دہشت گرد حملے میں معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر رنج و ملال، بچوں کے والدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے فوری تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے خضدار میں زخمی ہونے والے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ ان دہشت گردوں کے بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، پاکستان کے مستقبل، ننھے و معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے ان معصوم بچوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، سیکیورٹی فورسز اور حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم اور متحد ہیں۔اپنے بیان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدار میں زیرو پوائنٹ پر اسکول بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنیکی گھناؤنی سازش ہے۔محسن نقوی نے 4 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والے بچوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔
خضدار اسکول بس پر حملہ تین معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید

ٹیگز:
خضدار
