کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اور حکومت بلوچستان اس ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں کھیلوں کے شعبے کو فعال، باقاعدہ اور جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ نوجوان مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں اور بلوچستان کا نام عالمی سطح پر روشن کریں۔ انہوں نے عالمی باکسنگ ٹائٹل جیتنے پر باکسر محمد وسیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف کوئٹہ بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ محترمہ مینا مجید نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ جیسے عالمی سطح کے ایونٹ کا کوئٹہ میں انعقاد ایک سنگِ میل ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے لوگ امن پسند اور کھیل سے محبت رکھنے والے ہیں۔ انہوں نے اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر عالمی باکسر محمد وسیم، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور تمام منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کی کاوشوں سے کوئٹہ میں ایک عالمی معیار کا ایونٹ ممکن ہوا۔ صوبائی مشیر محترمہ مینا مجید بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ دشمن کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ بلوچستان میں مثبت سرگرمیوں کو پنپنے نہ دیا جائے، مگر آج کے ایونٹ نے ثابت کر دیا کہ بلوچستان کے نوجوان کسی سے کم نہیں اور ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔ انہوں نے ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اس عالمی ایونٹ کے لیے پاکستان، بالخصوص بلوچستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں کھیلوں کی ترقی کے لیے انفراسٹرکچر، کوچنگ، سہولیات اور مالی امداد کے تمام پہلوؤں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے مواقع میسر آئیں۔ تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، سول و عسکری حکام، باکسرز، آفیشلز اور کھیلوں سے محبت کرنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جو حاضرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
بلوچستان کے نوجوان کسی سے کم نہیں اور ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں،مینا مجید بلوچ

ٹیگز:
مینا مجید بلوچ
