خضدار(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکشن کمیٹی (ڈی پی ای سی)کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 26 مئی سے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کی تیاریوں اور حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت اور متعلقہ شعبہ جات کے افسران، پولیو کوآرڈینیٹرز، اور دیگر ضلعی محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کو ڈاکٹر فرمان علی باجوئی نے پولیو مہم کے انتظامات اور اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم 26 مئی سے یکم جون تک جاری رہے گی، جس دوران ضلع بھر میں پیدائش سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر یاسر دشتی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک ایسا مہلک مرض ہے جو ایک فرد کو لاحق ہو کر پورے خاندان اور معاشرے کو متاثر کرسکتا ہے، لہذا اس کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں ضلع خضدار کا کوئی بچہ پولیو کے قطرے پلانے سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔اجلاس میں گزشتہ پولیو مہم کی خامیوں کی روشنی میں اہم فیصلے کیے گئے اور تمام ضلعی محکموں کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ اپنے اپنے محکموں سے افسران یا عملہ نامزد کریں تاکہ مہم کی موثر مانیٹرنگ ممکن ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ او سمیت تمام متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ مہم کے ہر پہلو پر بھرپور توجہ دیں اور پچھلی مہم کی تمام کمزوریوں کو دور کریں تاکہ پولیو مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔
پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے، تمام ادارے ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں،ڈپٹی کمشنر خضدار

ٹیگز:
ڈپٹی کمشنر خضدار
