کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ایڈیشنل آئی جی پی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف کی زیر صدارت ہیڈکوارٹر بدر لائن کوئٹہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمانڈنٹ(ر)لیفٹیننٹ کمانڈر عطا اللہ شاہ، ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز، زونل کمانڈرز اے ڈی اسد اللہ اور دیگر زونل کمانڈرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پی آغا محمد یوسف نے کہا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حاضری اور چیکنگ پوائنٹس کو سائبر سسٹم سے جوڑا جا رہا ہے تاکہ تمام امور ڈیش بورڈ کے ذریعے مانیٹر کیے جا سکیں۔ جوانوں کی حاضری، ڈیوٹی کی نگرانی اور احکامات کی ترسیل کو مثر بنانے پر زور دیا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈیوٹی کے دوران جوانوں کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں گے اور ان کی رخصتوں کو بروقت یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی کے حق تلفی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حاضری کے معاملے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور اگر کوئی جوان غیر حاضر پایا گیا تو متعلقہ زونل کمانڈر کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ایڈیشنل آئی جی پی نے مزید کہا کہ کسی جوان سے آٹھ گھنٹوں سے زائد ڈیوٹی لینا ناقابل قبول ہوگا۔ انہوں نے چینی باشندوں اور دیگر غیر ملکیوں کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی تاکہ وہ چوکس ہو کر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ کو صاف و شفاف طریقے سے صرف جوانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے، جبکہ لائن سیکیورٹی، فائر سیفٹی، کنٹین اور باغیچہ کی صفائی و حالت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ جوانوں کو صاف ستھرا اور صحت بخش کھانا فراہم کیا جائے تاکہ ان کی صحت برقرار رہے۔ایڈیشنل آئی جی پی نے زونل کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ ہر ہفتے سرکاری اسٹورز اور گاڑیوں کا معائنہ کریں اور جوانوں کے لیے فراہم کردہ سرکاری سامان کو بروقت تقسیم کیا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ جوانوں کی ویلفیئر کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔
غیر ملکیوں کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائے گی،آغا محمد یوسف

ٹیگز:
آغا محمد یوسف
