کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے عہدیداروں کی صوبے سے شائع ہونیوالے اخبارات و جرائد کے مدیران اور ذمہ داران سے ملاقاتیں ۔مدیران کیساتھ ہونیوالی نشستوں کا مقصد انہیں ابتک ہونیوالی پیش رفت اور موجودہ صورتحال پر حمایت حاصل کرنا تھا ۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مدیران نے تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی پریس موجودہ حکومت کے مثبت اقدامات کی معترف تھی کیونکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے دور حکومت میں اخبارات اور جرائد کیلئے موجود فنڈز میں اضافہ کیا گیا جوکہ صوبائی پرنٹ میڈیا کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کی بدولت پرنٹ میڈیا کے مسائل کافی حد تک کم ہوئے تھے ۔ لیکن چند عناصر کی جانب سے حکومت اور پریس کے تعلقات خراب کرنیکی سازش کی جارہی ہے۔
اخبارات اور جرائد کے مدیران کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے موقف کی تائید کرتے ہیں ۔ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان نے مدیران کو بتایا کہ پرنٹ میڈیا کیساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے ۔اس موقع پر ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا کہنا تھا حکومت کے یکطرفہ فیصلوں سے صوبے کا پرنٹ میڈیا تباہ اور ہزاروں لوگ بیروزگار ہونے کا اندیشہ موجود ہے ،دوسری جانب اخبار مارکیٹ کیلئے فنڈز جاری نہیں کئے جارہے جس کی وجہ سے صوبے کے اخبار فروش بھی مسائل سے دوچار ہوچکے ہیں ،کیونکہ حکومت کی جانب سے صوبے کی واحد اخبار مارکیٹ کیلئے حکومت کی جانب سے بہبود فنڈز کا قیام عمل میں لایا گیا لیکن طویل مدت سے فنڈز جاری نہ ہوسکے ۔ اس سلسلے میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کرکے انہیں معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا جائے گا ۔

