کامونکی: پسند کی شادی کرنے کی اجازت نہ دینے پر بیٹے نے باپ کو قتل کردیا اور چچا کو گولیاں مار کر شدید زخمی کرکے فرار ہو گیا۔ کامونکی کی چک ہندہ کا رہائشی تنویر پسند کی شادی کرنے کا خواہش مند تھا لیکن اس کے والد صغیر احمد کو اس پر اعتراض تھا۔
علاقہ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے تحت بتایا ہے کہ اسی مسئلے پر جب باپ بیٹے کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تو تنویر نے اپنے والد پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جب کہ چچا شبیر احمد گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا ہے۔
علاقہ پولیس کے ذرائع سے بتایا ہے کہ فائرنگ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 نے فوری طور پر جائے حادثہ پہنچ کر نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جب کہ زخمی کو بھی علاج معالجے کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال میں داخل کیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی ٹیم شبیر احمد کی جان بچانے کے لیے طبی امداد فراہم کررہی ہے جب کہ پولیس نے موقع سے ثبوت و شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیے ہیں۔

