کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کا انڈس ہسپتال ہیلتھ نیٹ ورک، ریکوڈک کا دورہ،آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے ریکوڈک مائننگ کمپنی کے زیرِ انتظام چلنے والے جدید طبی سہولیات سے آراستہ انڈس ہسپتال ہیلتھ نیٹ ورک، ریکوڈک کا دورہ کیا۔ہسپتال انتظامیہ نے آئی جی ایف سی کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔ انڈس ہسپتال نوکنڈی اور بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ یہاں روزانہ تقریباً 200 مریضوں کا معائنہ کیا جاتا ہے، جبکہ چوبیس گھنٹے بہترین طبی، ایمرجنسی اور مدر چائلڈ ہیلتھ سروسز فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، مریضوں کو مفت ادویات، وبائی امراض کی تشخیص، اور اعلیٰ معیار کے لیبارٹری ٹیسٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے، جو پہلے صرف کوئٹہ اور کراچی میں میسر تھی، مگر اب نوکنڈی میں بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ہسپتال میں مقامی ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کی تعداد 45 ہے، جنہیں مریضوں کی بہترین نگہداشت کے لیے معقول تنخواہیں دی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔اگرچہ ریکوڈک مائننگ پروجیکٹ تاحال مکمل طور پر فعال نہیں ہوا، مگر اس کے ثمرات انڈس ہسپتال کی صورت میں مقامی لوگوں تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔اس موقع پر نوکنڈی کے رہائشی، خلیل الرحمٰن نے آئی جی ایف سی سے علاج کے لیے مالی امداد کی اپیل کی، جس پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے 10 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان۔ انڈس ہسپتال نوکنڈی کی انتظامیہ نے آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کا شکریہ ادا کیا اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے فرنٹیئر کور کی کاوشوں کو بھرپور سراہا۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کا انڈس اسپتال اور ہنر ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ ریکوڈک کا دورہ

