کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ شہر کے جوائنٹ روڈ پر واقع ریلوے کوارٹر میں سوئی as گیس لیکج کے باعث زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت تین افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ دھماکہ ریلوے کیرج کلینر عمران کے گھر میں پیش آیا، جہاں گیس بھر جانے سے خوفناک دھماکہ ہوا، جس سے مکان کی دیواریں اور چھت زمین بوس ہوگئی۔
عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں گیس لیکج کی شکایات پہلے سے موجود تھیں، لیکن سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کی غفلت کے باعث کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کے کم پریشر کی شکایات عام ہو چکی ہیں، مگر متعلقہ ادارے توجہ دینے سے قاصر ہیں، جس کے باعث ایسے جان لیوا حادثات رونما ہو رہے ہیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس حکام کی لاپرواہی کا نوٹس لیا جائے اور متاثرہ خاندان کی مالی مدد کی جائے تاکہ ایسے حادثات دوبارہ نہ ہوں۔

