کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ عوام کو جدید ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی اورٹرانسپورٹرز کودرپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت ہرممکن اقدامات اٹھائے گی۔ یہ بات انہوں نے منگل کومحکمہ کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ، ڈی جی ٹریفک بیورو ڈاکٹرسجاد،سیکرٹری پی ٹی اے عبدالمجید جونیجو،سیکرٹری آر ٹی اے محمد علی درانی،ڈپٹی سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالرحیم نیچاری،ڈائریکٹر ایڈمن ٹریفک شکیل احمد، سیکشن آفیسرٹرانسپورٹ محسن لاشاری، اسٹاف افسر محمد عمیر، آئی ٹی آفیسر ٹرانسپورٹ سلیمان شاہ، سپرنٹنڈنٹ آر ٹی اے محیب اللہ، سپرنٹنڈنٹ پی ٹی اے نعیم خان اورتیمورآغاسمیت دیگر نے شرکت کی۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران نے پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی کو محکمے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو بطور چیلنج قبول کیا ہے کم سے کم مدت میں محکمہ ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرینگے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی بلوچستان بلخصوص کوئٹہ شہر میں ٹریفک نظام میں بہتری پر خصوصی توجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میر سرفراز بگٹی کا وژن ہے کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک نظام کو بین الاقوامی طرز پر بنایا جائے،بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے جنہیں حل کرنے کیلئے ٹرانسپورٹرز اور اسٹیک ہولڈرز کیساتھ بیٹھ کر ایک پلان بنائینگے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کاقیام عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور عوام کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے آر ٹی اے کی کاوشیں قابل تحسین ہے۔میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ گرین بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے جس کے بعد گرین بس روٹس کو وسعت دی جائیگی،بس ٹرمینلز اور ٹیکسی اسٹینڈز کو اپ گریڈ کرینگے، عوام کو جدید سہولیات فراہم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
کم سے کم مدت میں محکمہ ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرینگے،میر لیاقت لہڑی

ٹیگز:
میر لیاقت لہڑی
