سبی(ڈیلی گرین گوادر) سبی کے سالانہ تاریخی و ثقافتی میلہ مویشیاں واسپاں 2025 کے چوتھے روز بھی شاندار تقریبات کا انعقاد جاری رہا اور رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم ڈویژن وڈیرہ میاں خان بگٹی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علی اصغر مگسی، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ بگٹی سمیت مختلف محکموں کیافسران اور عوام کے علاوہ بچوں کی بھی کثیر تعداد موجود تھی اس موقع پر مہمان خصوصی وڈیرہ میاں خان بگٹی کو ثقافتی دستار بھی پہنائی گئی۔ تقریب کے آغاز میں تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی گئی اس موقع پر مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم ڈویژن وڈیرہ میاں خان بگٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلے میں لوگوں کی بڑی تعداد دیکھ کر بہت خوشی ہوئی سبی میلہ میں عوام کا جوش و خروش دیکھ کر اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں کے لوگ کتنے امن پسند اور مہمان نواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سبی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے سبی آتے رہیں گے اور عوام سے کھلی کچہری میں ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروکار لائے جائیں گے سبی میلہ کی مناسبت سے اسٹیدیم میں مختلف علاقائی و ثقافتی رقص، گھوڑا رقص، نیزہ بازی، ہارس اینڈ کیٹل شو، رم جم پی ٹی شو، جمنا سٹاک اور دیگر کئی پروگرام پیش کیے گئے۔اس موقع پر مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم ڈویژن وڈیرہ میاں خان بگٹی نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور اسکول کے بچوں کو نقد رقم انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ تقریب کے اخر میں مختلف شعبوں میں اعلی کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات بھی دیے گئے اس موقع پر مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی علاوہ ازیں مہمان خصوصی نے زرعی اور صنعتی نمائش کا دورہ بھی کیا۔

