کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد انجینئریوسف شاہ خان کو کیسکوکا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسرتعینات کردیاگیاہے، جنھوں نے باقاعدہ طورپراپنے عہدہ کاچارج بھی سنبھال لیا۔ کیسکوکی سربراہی سے پہلے انجینئر یوسف شاہ خان کیسکومیں چیف انجینئر (ٹیکنیکل) کے عہدے پر فائزتھے۔ اسکے علاوہ انہوں نے پاکستان واٹر اینڈپاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) اور ملک کے دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں بھی اپنے خدمات سر انجام دئیے ہیں۔ توانائی کے شعبے میں 30 سال سے زیادہ کے تجربہ کے ساتھ انجینئر یوسف شاہ خان نے NED یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کراچی سے 1990میں انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔جس کے بعد انہوں نے پاکستان واٹر اینڈپاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) میں 1991بطور انجینئر اپنے کیریئر کے سفرکا آغاز کیا۔ اس دوران انہوں نے انجینئرنگ کے شعبے سے متعلق متعددورکشاپس میں مختلف بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی جانب سے نمائندگی کے علاوہ صوبہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی اپنے فرائض منصبی سرانجام دے چکے ہیں۔ کیسکو کی قیادت سنبھالنے پر انجینئر یوسف شاہ خان نے کہا کہ چیف ایگزیکٹوآفیسرکاعہدہ سنبھالنا اُنکے لئے ایک اعزازکی بات ہے کیونکہ کیسکوایک ایسی کمپنی ہے جس کی اپنی ایک روشن اوربے مثال تاریخ ہے اور میرے لئے یہ ایک اہم مشن بھی ہے کہ صوبہ کے تمام معززصارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کیاجائے اوراس کیلئے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر اپنے ادارہ کی کارکردگی کو مزید بہتربنائیں۔

انہوں نے کہا کہ تجربے کی بنیادپر کیسکوکی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اورنئی ٹیکنالوجی کو اپنانے کیلئے پرعزم ہیں تاکہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے طور پرہم مستقبل کی طرف جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارابنیادی مقصد اپنے تمام صارفین کوبہترین سہولیات کی فراہمی، کیسکوکے استحکام و خوشحالی، بقایاجات کی وصولیابی میں اضافہ اور ایڈمنسٹریٹو، ٹیکنیکل و کمرشل نقصانات کو کم سے کم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل انجینئرشفقت علی کیسکومیں چیف ایگزیکٹوآفیسرکے عہدے پرتعینات تھے جو 10فروری 2025 (بروزپیر) اپنی مدمت ملازمت پوری کرنے پر ریٹائرہوگئے جس کے بعد انجینئریوسف شاہ خان نے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو کاچارج سنبھال لیاہے۔

