کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے درابن میں لیویز اہلکاروں سمیت پانچ افراد کی شہادت کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل انکوائری اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کردیا، قائد حزب اختلاف کا اپنے حلقے میں مداخلت اور امن وامان پر آئی جی پولیس کی جانب سے رابطہ نہ کرنے پر احتجاج۔جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 37منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کی تشکیل کو 1سال مکمل ہوگیا ہے حکومت نے اب تک محکموں کی کارکردگی، ان میں اصلاحات سمیت کسی بھی نقطے پر اجلاس نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقے میں مداخلت جاری ہے محکمہ تعلیم، صحت، زراعت میں کرپشن ہورہی ہے ایس بی کے امیدواروں سے فی کس 6ہزار روپے لئے جارہے ہیں ایک ہی دن میں تین تین افسران کی تقرری اور تبادلے ہوتے ہیں، ڈپٹی کمشنر سمیت کسی بھی افسر کو مدت مکمل کرنے نہیں دی جاتی۔انہوں نے کہا کہ خضدار میں سڑک بند ہونے پرا ٓئی جی پولیس کو فون کیا انہوں نے اب تک میرا جواب نہیں دیا۔ان تمام مسائل پر اپوزیشن احتجاجا ایوان سے واک آؤٹ کرتی ہے۔اس موقع پر کورم کی نشاندہی کی گئی جبکہ کورم پورا ہونے پر ایک بار پھر اجلاس شروع کیا گیا۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئر مین اصغر علی ترین نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ درابن میں لیویز اہلکاروں کی گاڑی پر حملہ کرکے پانچ افراد کو شہید کیاگیا یہ انتہائی تشویشناک واقعہ ہے اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔جمعیت علماء اسلام کے رکن سید ظفر آغا نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جائیں اور آگاہ کیا جائے۔ پارلیمانی سیکرٹری اسفند یار کاکڑ نے کہا کہ درابن میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا حکومت کا حکومت سے رابطہ ہوتا ہے مگر یہاں ایسا کچھ نہیں کیا گیا،ژوب میں گاڑی کا ڈرائیور بھی تبدیل ہوا، کمشنر کوئٹہ، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کاریزات سے اس حوالے سے تحقیقات کی جائیں اور واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔ جس پر صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے ایوان کو آگاہ کیا کہ اس معاملے پر کمیٹی بنائی گئی ہے لیویز کے رسالدار کو معطل کیا گیا ہے واقعہ کی شفاف تحقیقات ہونگی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے حوالے سے اسمبلی کے اجلاس میں محکمے کے حوالے سے مکمل طور پر آگاہی اور جھالاوان میڈیکل کالج سے متعلق اقدامات پر بھی مکمل بریفننگ دونگا۔ اس موقع پر درابن میں شہید ہونے والے لیویز اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
میرے حلقے میں مداخلت جاری ہے محکمہ تعلیم، صحت، زراعت میں کرپشن ہورہی ہے،میر یونس عزیززہری

ٹیگز:
میر یونس عزیززہری
