کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ سے پنجاب اور خیبر پختونخوا جانے والی مسافر کوچز کے مالکان نے سعداللہ کاکڑ اور وحید خان کاکڑ اوردیگرنے کہا ہے کہ کوئٹہ سے پنجاب اور خیبر پختوا چلنے والی ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال جمعرات کو تیسرے روز بھی جاری رہی ٹرانسپوٹرزسے تاحال حکومت کی جانب سے کسی نے کوئی رابطہ نہیں ہے مذاکرات کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو ٹرانسپورٹر ز کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں شیرانی میں ایک ٹریفک حادثے کے بعد دہشتگرد عناصر نے مسافر کوچ کو نذر آتش کردیا اور مقامی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی رہی جس سے ڈرائیوروں اور مالکان میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے صوبائی حکومت فوری طور پر نذرآتش کی جانے والی مسافر کوچ کا معاوضہ ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے پنجاب اور خیبر پختونخوا جانے والی مسافر کوچز کو جگہ جگہ چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے بہانے کئی کئی گھنٹے کھڑا کرکے ڈرائیوروں اورمسافروں کو اذیت دی جاتی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اورمطالبہ کراتے ہیں جگہ جگہ چیک پوسٹوں پرمسافر کوچز کو روک کر تلاشی لینے کی بجائے ایک جگہ تمام ادارے ملکر تلاشی لیں تاکہ مسافر بروقت اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پرآئے روز مسافر کوچز کو مسلح ڈاکو لوٹ کرفرار ہوجاتے ہیں پولیس،لیویز اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے مسافروں اورٹرانسپورٹروں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور لوٹ مار میں ملوث عناصر کو فوری طور پرگرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسافرکوچز کو جگہ جگہ روک کر غیر قانونی طریقے سے بھاری چالان دیئے جاتے ہیں جو ہمیں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہیں یہ سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے خیبر پختونخوا اورپنجاب جانے والی کوچز کی ہڑتال گزشتہ تین روز سے جاری ہے تاحال حکومت کے کسی بھی ذمہ دارنے ٹرانسپورٹرز سے رابطہ نہیں کیاہے اور ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ٹرانسپورٹر اپنا اتحاد برقرار رکھیں جب تک مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہماری ہڑتال جاری رہے گی۔
ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،وحید خان کاکڑ

ٹیگز:
وحید خان کاکڑ
