کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلس عمومی کا اجلاس جامعہ مطلع العلوم بروری روڈ میں زیر صدارت ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق منعقد ہوا، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ نے مردم و خانہ شماری سمیت جماعت کی فعالیت کے متعلق ایجنڈے پیش کرکے اجلاس کا آغاز کیا، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ مسعود احمد نے ششماہی کارکردگی رپورٹ پیش کی جبکہ نقابت کے فرائض حاجی ولی محمدبڑیچ نے ادا کئے۔ عمومی اراکین نے متفقہ طور پر ضلعی جماعت کی کارکردگی کا جائزہ لے کر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جدوجہد کو سلام پیش کیا۔اس موقع پر ضلعی وصوبائی قائدین بھی موجود تھے، اجلاس سے بڑی تعداد میں اراکین تقریری اور بعض نے تحریری تجاویز پیش کیں۔اجلاس کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیرمولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا کہ یہودی اور اسرائیلی ایجنٹوں کی سیاست کا مکمل ختم کرکے دم لیں گے، بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کے مہرے کو اسرائیل، بھارت، امریکہ برطانیہ سمیت پورے مغرب نے فنڈنگ کی،آج بھی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے فسادی پارٹی کو سپورٹ کررہے ہیں، ملکی اور بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کی آشیرباد سے قائم حکومت کو دھڑام سے گرانے میں جمعیت علماء اسلام کی آزادی تحریک کار فرما رہی، مہنگائی نیازی کا تحفہ ہے، تین سو روپیہ تک ڈالر پہنچنے کے بھیانک مڑدے سنانے والے آج قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،ان کی “جیل بھرو” سے “جیل سے بھاگو”تحریک کے شرمناک مناظر قوم نے دیکھ لئے، چور مچائے شور کے مصداق سب سے زیادہ کرپشن کے مرتکب ہوچکے،نیب زدہ شوکت ترین کے کیسز ختم کرکے وزیر خزانہ بناکر ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا،مستقبل کی سیاست میں ملک کو معاشی طور پر مفلوج کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں، علماء کے لباس میں کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا تھا کہ عمران خان یہ دورانیہ پورا کرکے آئندہ بھی حکمران رہے گا مگر جمعیت کے ہوتے ہوئے اب ایسا ممکن نہیں۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے کارکنوں کے اخلاص کو اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسجد ومدرسہ کی چٹائی پر بیٹھنے والے غریب علماء کے دل جمعیت کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ان کارکنوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ضلعی امیر نے کہا کہ یونٹوں کی فعالیت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا گیا مسائل کے حل کے لئے انتطامیہ اور اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں رہ کر ضلعی جماعت نے عوام کی آواز پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہوں نے کہا کہ این اے 265 پر جمعیت علماء اسلام کی قیادت کے فیصلے کی لاج رکھی جائے گی۔ مردم و خانہ شماری کے حوالے سے کہا کہ مردم وخانہ شماری کے حوالے سے عوام کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے،اس سلسلے میں 28فروری کو ضلعی مجلس عاملہ اور تمام یونٹوں اور تحصیلوں کا اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے نائب امیر مولانا محمد ایوب کے والد اور دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔
یہودی اور اسرائیلی ایجنٹوں کی سیاست کا مکمل ختم کرکے دم لیں گے، مولانا عبد الرحمن رفیق

ٹیگز:
مولانا عبد الرحمن رفیق
