تربت : نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ مستقبل میں پیش آنے والے مشکلات وچیلنجز سے نمٹنے کیلئے ساتھیوں کی سیاسی تربیت شروع کرنے کی ضرورت ہے،محمد یاربلوچ جیسی شخصیت کی جدائی ہمارے لئے ناقابل فراموش ہے جن کے تجزیوں کی بنیادپر ہم اپنا اسٹریٹجی بنایا کرتے تھے وہ معاملہ فہم، ایماندار اوردوراندیش شخصیت کے مالک تھے ہمارے سماج میں ایسے لوگ نایاب ہورہے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل پارٹی کیچ کے زیراہتمام نیشنل پارٹی کے سابق سینٹرل کمیٹی کے رکن مرحوم محمد یاربلوچ کی یادمیں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تعزیتی ریفرنس میں نیشنل پارٹی کے مقامی رہنماؤں وکارکنان سمیت ناصر آباد وگردونواح سے کثیرتعدادمیں لوگوں نے شرکت کی، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی جس سیاسی سوچ وفکر کی پیداوار ہے اس سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے پارٹی ساتھیوں نے بڑے مشکل اورکھٹن حالات کا سامنا کیا،شہید فدااحمد، شہید واجہ غلام محمد، شہیدمولابخش دشتی، شہید ڈاکٹریاسین بلوچ، قاضی غلام رسول بلوچ اورواجہ محمد یار اس سوچ کے فکری منبع تھے، انہوں نے کہاکہ کارکنان اور عوام نیشنل پارٹی کے فکر کو آگے لے جائیں،نیشنل پارٹی کی فکر وسوچ بلوچ کی خوشحالی،آسودگی،ساحل وسائل کاتحفظ اور عوام کی حق حاکمیت ہے، پاکستان ایک کثیرالقومی ریاست ہے اسے آئین وقانون کے مطابق چلایاجائے اور ہرقومی وحدت کویہ اختیاردیاجائے کہ وہ اپنے نمائندوں کو اپنی مرضی چنیں اوراپنے وسائل اپنی مرضی سے خرچ کریں، انہوں نے کہاکہ حالیہ مہینوں میں پارٹی میں نہ صرف مکران بلکہ پورے بلوچستان سے سیاسی کارکنان جوق درجوق شمولیت اختیارکررہے ہیں جوبلوچستان کی مستقبل کیلئے خوش آئندہے،انہوں نے کہاکہ واجہ محمد یاربلوچ، قاضی غلام رسول بلوچ ودیگر مرحومین وشہداء پر ریسرچ پیپرز لکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے نوجوانوں کو مستقبل میں بلوچستان وبلوچ قومی جدوجہد کے حوالے سے تحقیق وریسرچ میں بہترمواد مل سکے، نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمدبلیدی نے واجہ محمد یاربلوچ کی قومی اور وطنی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ذاتی طورپر واجہ محمدیاربلوچ کی سوچ سے بے حد متاثر رہے ہیں،نیشنل پارٹی کے کارکنان کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے وہ واقعتا ایک درویش صفت اور ذاتی غرض ولالچ سے پاک انسان تھے وہ ادب وکتاب سے مہر رکھتے تھے وہ سیاست میں شائستگی کے پیکرتھے وہ منطق اور دلائل سے اپنی بات رکھتے تھے پارٹی میں سیاسی لائن کی تشکیل ان کی ذمہ داری تھی وہ خوبیوں کے مرقع تھے ہمیں ان کی شخصی صفات کی پیروی کرنی چاہیے اوران کی اوصاف وخوبیوں کو اپنی ذاتی زندگی میں رول ماڈل بنائیں، نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے صدرمشکور انوربلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی میں فکری ونظریاتی ساتھیوں کی ایک لاٹ شامل ہے،مرحوم واجہ محمد یارنے اس تحریک کی آبیاری اور پارٹی کی نظریاتی وفکری اساس کومضبوط بنانے کیلئے اہم کردار اداکیاہے وہ نیشنل پارٹی کو قومی جماعت بنانے اور اسے سیاسی کارکنوں سے پرکرنے کے متمنی تھے، نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن واجہ ابوالحسن نے کہاکہ واجہ محمد یارنے اپنی سیاسی زندگی کاآغاز بلوچ ورنا وانندہ گل سے کیاتھاتاہم بی ایس او کے قیام کے ساتھ ہی وہ بی ایس اوکے ساتھ رہے وہ پروگریسیو سوچ کے مالک تھے، نیشنل پارٹی کے رہنما جسٹس (ر) شکیل احمدبلوچ نے کہاکہ واجہ محمد یار ایک وڑنری اورمعاملہ شخصیت تھے ان کامطالعہ بہت وسیع تھا وہ بہت سارے اوصاف کے مالک تھے ان کے کردارپر عمل کرنے کی ضرورت ہے، نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن،سابق ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ناظم الدین ایڈووکیٹ نے کہاکہ واجہ محمد یاربلوچ درویش صفت انسان تھے وہ صبروبرداشت کے پیکر تھے،محمدیاربلوچ، قاضی غلام رسول بلوچ، شہید مولابخش، شہید ڈاکٹریاسین بلوچ کی سیاسی وسماجی زندگی پرکتابیں لکھنے کی ضرورت ہے تاکہ بلوچ تحریک کے یہ درخشندہ وتابندہ ستارے وقت گزرنے کے ساتھ بلوچ قوم کے ذہنوں سے اوجھل نہ ہوسکیں،نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق سینیٹرمیرمنظوراحمدگچکی نے کہاکہ واجہ محمد یارکالج کے زمانے سے فعال سیاسی کارکن کی حیثیت سے متحرک تھے، انہوں نے اپنی پوری زندگی بلوچ قومی سوچ وفکر کے ساتھ گزاری، انہوں نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ اوربلوچ کے درمیان بڑاتضاد موجودہے پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ بلوچ کے حق میں نہیں ہے، نیشنل پارٹی بلوچ قوم کوبہترمستقبل دینے کیلئے کردار اداکرے گی، نیشنل پارٹی مکران ریجن کے سیکرٹری چیئرمین منصوربلوچ نے کہاکہ محمدیاربلوچ پختہ نظریاتی رہنماتھے وہ کبھی عہدہ اورمنصب کے طلب گارنہ تھے وہ ہرقسم کی تنقید کا خندہ پیشانی سے جواب دیتے تھے محمدیار اورمولابخش دشتی کی جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں، تعزیتی ریفرنس سے نیشنل پارٹی کے رہنما مبارک بلوچ، پروفیسر رفیق عاجز، غلام جان نواب نے بھی خطاب کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض نیشنل پارٹی کے رہنما انوراسلم نے سرانجام دئیے، تلاوت قرآن پاک کی سعادت احسان درازئی نے حاصل کی، تعزیتی ریفرنس کے آغازمیں شہداء کی یادمیں 2منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی اور بی ایس او پجارکے رہنما صدام نازنے ساتھیوں کے ساتھ بلوچ راجی سوت پیش کیا،اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فداحسین دشتی، رہنما ملابرکت بلوچ، محمدجان دشتی، نثار احمدبزنجو، محمدطاہربلوچ، طارق بابل،بلخ شیرقاضی ودیگر رہنمابھی شریک تھے۔
نیشنل پارٹی بلوچ قوم کوبہترمستقبل دینے کیلئے کردار اداکرے گی،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

ٹیگز:
ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ
