کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سابق نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے قلات کے علاقے منگچر میں تخریب کاری کے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے قابل افسوس عمل قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع اور املاک کی تباہی درحقیقت عوام کا نقصان ہے، اور ایسے واقعات کسی بھی طرح مذہبی یا بلوچستان کی عظیم روایات کے شایانِ شان نہیں ہیں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ تشدد سے کوئی بھی حقوق حاصل نہیں کیے جا سکتے بلکہ اس سے صرف معاشرے میں انتشار اور مزید مشکلات جنم لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین ہمیشہ سے امن، بھائی چارے اور مہمان نوازی کی علامت رہی ہے، اور یہاں اس طرح کے تخریبی اقدامات کو کوئی بھی باشعور فرد قبول نہیں کر سکتا میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل بات چیت اور افہام و تفہیم میں ہے، اور تشدد کا راستہ اختیار کرنے والے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے خواہاں نہیں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے متحد رہیں اور انتشاری سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کے بغیر کسی بھی معاشرے کی ترقی ممکن نہیں، اس لیے ہمیں ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر بھائی چارے اور برداشت کو فروغ دینا ہوگا انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ ایسے واقعات کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے مؤثر کارروائی کریں تاکہ صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔
منگچر واقعات افسوسناک ہیں تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں،میرعلی مردان خان ڈومکی

ٹیگز:
میرعلی مردان خان ڈومکی
