کوئٹہ(ڈیلی گر ین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما ترجمان آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت،صنعت و حرفت میرعلی حسن زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے صوبے میں گڈگورننس کے قیام کیلئے اصلاحات لائی جارہی ہیں،بلوچستان میں زراعت،لائیو سٹاک،ماہی گیری سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جارہا ہے۔یہ بات انہوں نے 42ویں مڈکیرئیر مینجمنٹ کورس کے افسران کے اعزاز میں اپنی جانب سے دیئے گئے عشائیے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پرپارلیمانی سیکرٹری لیبر اینڈ مین پاور بابا غلام رسول عمرانی،پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ عبدالمجید بادینی، پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سنجے کمار، اقلیتی رکن بلوچستان اسمبلی سنتوش کمار،سیکرٹری زراعت نوراحمد پرکانی،سیکرٹری انڈسٹریز محبوب دشتی،ڈی جی بی آئی ایس پی جلال فیز،ڈی جی پلاننگ اورنگزیب کاسی، ڈی جی انڈسٹریز انیس اوردیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی صوبے میں مخلوط صوبائی حکومت صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق بلوچستان کوترقی کے لحاظ سے دوسرے صوبوں کے برابر لانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور پہلی مرتبہ صوبے میں تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کاموں کا جال بچھایاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے حکومت معدنیات کو صوبے کی ترقی اورخوشحالی کیلئے بروئے کار لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو زراعت،لائیو سٹاک،فشریز،معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے اصلاحات کا عمل شروع کر رکھا ہے جس کے مثبت نتائج عوام تک پہنچانا شروع ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری بلوچستان پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اورانکی ہدایات پر عملدرآمدکرتے ہوئے حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے تاہم حکومت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن سے موثر انداز میں نمٹ کر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا پیپلز پارٹی کی حکومت کے منشور کا حصہ ہے جس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے خواتین کی ترقی و خوشحالی اور نوجوانوں کوروزگار کی فراہمی کے لئے مختلف منصوبوں پرکام شروع کر رکھا ہے اور نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھا کر روزگار کے لئے بیرون ملک بھیجا جارہا ہے اور غریب عوام کیلئے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس سے غریب اور مستحق خواتین بھرپوراستفادہ حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو تعلیم کے اعلیٰ مواقعوں کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت نے سکالرشپ پروگرام شروع کر رکھا ہے اور نوجوانوں اور بچیوں کواعلیٰ تعلیم کیلئے دیگر صوبوں کے تعلیمی اداروں میں داخلوں کو یقینی بنایا ہے اور بچیوں کی تعلیم کی تعلیم پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری،پارلیمانی سیکرٹریز اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے 42ویں مڈکیرئیر مینجمنٹ کورس کے افسران کے سوالوں کے جواب دیئے۔تقریب کے اختتام پر دونوں جانب سے سوینئرز کا تبادلہ بھی ہوا اور صوبائی وزیر زراعت و صنعت حرفت میرعلی حسن زہری نے شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا۔
صوبے میں گڈگورننس کے قیام کیلئے اصلاحات لائی جارہی ہیں،میرعلی حسن زہری

ٹیگز:
میرعلی حسن زہری
