اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)جے یو آئی (ف) کے سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جے یو آئی ہی 2018کے الیکشن کے خلاف تحریک چلارہی تھی، جو کام پی ٹی آئی سے کروائے گئے، وہی آج کی حکومت سے کروائے جارہے ہیں، پی ٹی آئی نے اگر مذاکرات کی بات کر رہی ہے، تو آپ اس کو طعنے کیوں دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سیاسی حکومت اپنے اختیار میں نہیں ہوتی، 26ویں ترمیم پاس کروائی گئی لیکن مدارس والی ترمیم ابھی تک وہیں پر ہیں، ہمیں پہلے بھی کہا جاتا تھا آپ کے ساتھ دھوکا ہوگا۔
سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ پارلیمنٹ کے طے شدہ بل پر آپ دھوکا دے رہے ہیں تو پی ٹی آئی آپ پر کیسے یقین کرلے گی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کا وہی حال ہوگا جو پی ٹی آئی کا ہو رہا ہے۔جے یو آئی (ف) کے سینیٹر نے کہا کہ وہ اس لئے ان کو جیلوں میں ڈالتے ہیں کہ وہ کہتے ہیں ہمارے کندھوں پر بیٹھ کر آتے ہیں اور آنکھیں بھی ہمیں دکھاتے ہیں، اگر مدارس پر یہی سلسلہ جاری رہا تو ہم اسلام آباد آئیں گے، ہم اسلام آباد آئیں گے، آپ گولیاں چلائیں گے اور آپ کی گولیاں ختم ہوجائیں گی ہم واپس نہیں جائیں گے۔

