سبی(ڈیلی گرین گوادر)ضلع سبی میں پاکستان بیورو آف شماریات کے زیر اہتمام زراعت شماری 2024 کے لیے تین روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک میں زراعت کے شعبے سے متعلق جامع اور مفصل ڈیٹا کا حصول ہے۔ یہ ٹریننگ زراعت کے مختلف پہلوؤں پر مرکوز ہے، جس میں زمین، فصلات، باغات، مال مویشی، اور زرعی مشینری جیسے وسائل کی معلومات اکٹھا کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس ڈیٹا کو قومی سطح پر زرعی منصوبہ بندی اور ترقیاتی حکمت عملیوں میں استعمال کیا جائے گا، جس سے زرعی خود کفالت اور پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔زرعی آفس توسیعی سبی میں منعقدہ ٹریننگ کے پہلے روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علی اصغر مگسی نے باقاعدہ ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر شماریات یار علی گشکوری، ماسٹر ٹرینر عبدالحفیظ خجک اور شمار کنندگان نے شرکت کی۔ شرکاء کو شماریاتی طریقہ کار، جدید سافٹ ویئرز، اور ڈیٹا اکٹھا کرنے کے طریقوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ زراعت شماری کے عمل کو بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں زراعت شماری 2024 کے اہم مقاصد میں زمین، فصلات، باغات، اور مال مویشی سے متعلق معلومات اکٹھا کرنا تاکہ قومی زراعتی وسائل کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔اس کے ساتھ مال مویشیوں کی تعداد اور زمین کے استعمال کی تفصیلات کو سمجھنے میں مدد دینا، تاکہ پالیسی سازی میں معاون ثابت ہو سکے اور زرعی مشینری کی دستیابی اور استعمال کی معلومات فراہم کر کے زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے بہتر حکمت عملی وضع کرنا اور زرعی پیداوار اور خود کفالت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے معلومات اکٹھا کرنا ہے اس موقع پر شمار کنندگان سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی علی اصغر مگسی نے کہا کہ یہ تربیتی سیشن زراعت شماری کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو مستقبل کی زرعی حکمت عملیوں میں بنیاد کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ پاکستان بیورو آف شماریات اس شماری کے ذریعے ملکی سطح پر زرعی شعبے کی ترقی اور خود کفالت کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ زراعت کی ائندہ ترقی کا انحصار اسی زراعت شماری پر ہوگا لہذا ہمیں اور اپ کو ایک عظیم ذمہ داری سونپی گئی ہے جسے سرانجام دینے کے لیے انتھک محنت کی ضرورت ہے اس سلسلے میں جو کردار اپ کو ادا کرنا ہے وہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اپ تمام اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر زراعت شماری 2024 کو احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
سبی میں پاکستان بیورو آف شماریات کے زیر اہتمام زراعت شماری 2024 کے لیے تین روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد

ٹیگز:
سبی
