کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر اہتمام میتھوڈولوجی فار اسیسمنٹ آف پروکیورمنٹ سسٹمز (MAPS) کے حوالے سے ایک اہم ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں میں کلیدی اسٹیک ہولڈرز، بشمول ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک کے ماہرین، پاکستان بھر سے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹیز کے نمائندے، اور میپس ورکنگ گروپ کے اراکین کے علاوہ سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، سیکرٹری فشریز ڈاکٹر جاوید انور شاہوانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری آزاد کشمیر مائدت شہزاد، ایم ڈی پی پی آر اے پنجاب وقار عظیم، ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنسلٹنٹ پیٹر ٹریپٹ، سنیئر پروکیورمنٹ کنسلٹنٹ ورلڈ بینک ریحان حیدر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایولیوشن بی پیپرا نعمان رزاق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈی جی پی آر منظور مگسی اور دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران سمیت محکمہ آبپاشی، سی اینڈ ڈبلیو، صحت، بلدیات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، زراعت کے محکمے، پاکستان انجینئرنگ کونسل، کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن، اور بی پیپرا کے افسران نے بھی شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد بلوچستان کے ابتدائی میپس اسیسمنٹ کے نتائج کا جائزہ اور توثیق کرنا تھا جو کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔ورکشاپ میں حکومت بلوچستان کی پبلک پروکیورمنٹ کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے میں اہم کردار پر شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسیسمنٹ صوبے کی خریداری کی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے اور ان میں بہتری کے لیے مواقع کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ ورکشاپ بلوچستان کی طرف سے پروکیورمنٹ میں شفافیت، اچھی کارکردگی اور احتساب کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔ ورکشاپ میں ایشیائی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک کے ماہرین نے عالمی خریداری کے بہترین طریقوں پر روشنی ڈالی اور بلوچستان کی قیادت کو میپس اسیسمنٹ کے آغاز پر سراہا۔ بی پی پی آر اے کے عہدیداروں اور دیگر صوبوں کے پروکیورمنٹ کے نمائندوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور قومی سطح پر خریداری اصلاحات کے فروغ میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ میپس ورکنگ گروپ کے اراکین نے اسیسمنٹ کے دوران جمع کیے گئے ڈیٹا اور تجزیے پیش کیے جبکہ اسٹیک ہولڈرز نے نتائج کو مزید بہتر بنانے کے لیے قیمتی تجاویز فراہم کیں۔ورکشاپ کے شرکاء کو ایشیائی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک کے کنسلٹنٹس نے میتھڈولوجی فار اسیسنگ پروکیورمنٹ سسٹمز (MAPS) کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے یہ ایک ایسا ٹول ہے جو پبلک پروکیورمنٹ سسٹمز کا پوری طرح سے جائزہ لیتا ہے۔ یہ آفاقی ہے اور تمام ممالک استعمال کر سکتے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ آمدنی کی سطح یا ترقی کی حیثیت سے قطع نظر دنیا بھر کے درجنوں ممالک پہلے ہی اسے استعمال کر چکے ہیں۔ میپس بہتر پبلک پروکیورمنٹ سسٹم کے لیے زیادہ موثر اصلاحات کی حمایت کر سکتا ہے اور یہ اصل میں ورلڈ بینک اور ڈیولپمنٹ اسسٹنس کمیٹی کے مشترکہ اقدام سے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر کے درجنوں ممالک اس کے موجودہ اور پچھلے ورژن میں پہلے ہی طریقہ کار کو استعمال کر چکے ہیں۔ مقررین نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز جن کی نشاندہی کی گئی ہے اکٹھے ہوں گے اور میپس اسسمنٹ کے عمل اور بلوچستان کے تناظر میں تشخیص کے مقاصد کے بارے میں جانیں گے،اس تشخیص کا بنیادی مقصد ایک جدید اور مضبوط پبلک پروکیورمنٹ سسٹم کے قیام کے لیے حکومت بلوچستان کی مزید پروکیورمنٹ اصلاحات کی کوششوں میں مدد کرنا ہے جس کا مقصد پروکیورمنٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور عوامی فنڈز کے استعمال اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں بہترین نتائج دینا ہے۔ورکشاپ کے شرکاء کو ورلڈ بینک کے کنسلٹنٹ نے بتایا کہ مجوزہ میپس اصلاحات سے صوبائی پروکیورمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے اور انہیں بین الاقوامی طور پر قبول شدہ اچھی پریکٹس کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی بنیاد کے طور پر کام کرے گا۔ ورکشاپ کے شرکاء سے بی پیپرا کے منیجنگ ڈائریکٹر افضل خوستی نے اسیسمنٹ کی کامیابی کو یقینی بنانے میں اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ورکشاپ مختلف تجاویز کو شامل کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے جس سے میپس اسیسمنٹ کی ساکھ میں اضافہ ہوگا۔ ورکشاپ نے رواں سال کے آغاز میں منعقد کی گئی ابتدائی میپس ورکشاپ کی بنیادوں پر مزید کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے اس بات کا عزم کیا کہ بلوچستان اور دیگر صوبوں میں خریداری کے نظام میں تبدیلی لائی جائے گی۔ یہ تبدیلی عوامی شعبے میں احتساب اور اعلیٰ کارکردگی کی نئی جہت کا آغاز کرے گی اور اس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے اور بین الاقوامی شراکت داریاں مضبوط ہوں گی۔
بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر اہتمام میتھوڈولوجی فار اسیسمنٹ آف پروکیورمنٹ سسٹمز کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد

ٹیگز:
MAPS
