کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ میں صفائی کا ٹھیکہ پرائیویٹ کمپنی کو دینے کے باوجود شہرمیں صفائی کی صورتحال بہتر نہیں ہوسکی جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور نالیاں بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے کوئٹہ شہر میں صفائی کاٹھیکہ پرائیویٹ کمپنی کو دیئے جانے کے بعد کوئٹہ شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے میکانگی روڈ،جناح روڈ، پٹیل روڈ، ملتانی محلہ،پشتون آباد، سرکی روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن،سریاب روڈ، کیچی بیگ، نواں کلی، سمنگلی روڈ، اسپنی روڈسمیت دیگر علاقوں میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جن سے اٹھنے والے تعفن اور مچھروں کی بہتات نے شہریوں کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے جبکہ جگہ جگہ نالیاں بند ہونے سے گندا پانی سڑکوں پر بہہ رہاہے جس سے ایک طرف ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے تو دوسری طرف پیدل چلنے والے شہریوں کوسخت مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کوئٹہ شہر میں صفائی کا ٹھیکہ پرائیوٹ کمپنی کو دینے کے بعد کمپنی کا صفائی کا عملہ کہیں نظر نہیں آرہا ہے ماضی میں صفائی کے لحاظ سے لٹل پیرس کہلانے والا کوئٹہ شہرکاشمار اب دنیاکے گندے ترین شہروں میں ہوتاہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان،چیف سیکرٹری اوردیگر حکام بالا سے مطالبہ کیاکہ کوئٹہ شہر میں پرائیویٹ کمپنی کی جانب سے صفائی نہ کرنے اورجگہ جگہ پڑے کچرے کے ڈھیر نہ اٹھانے کا نوٹس لیا جائے۔
کوئٹہ میں صفائی کا ٹھیکہ پرائیویٹ کمپنی کو دینے کے باوجود شہرمیں صفائی کی صورتحال بہتر نہیں ہوسکی

ٹیگز:
کوئٹہ
