کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ میں توہین رسالت کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا، مشتعل ہجوم کا احتجاج خروٹ آباد تھانے کا دروازہ توڑ کر احاطے میں داخل۔ پولیس حکام کے مطابق پیر کو پولیس کو اطلاع ملی کہ جبل نور کے قریب واقعہ ایک نجی ہوٹل کے مالک عبدالعلی نے توہین رسالت کی ہے جس پر مشتعل افراد نے احتجاجاً مغربی بائی پاس روڈ بلاک کردیا ہے۔ مظاہرین سے مذاکرات کے لئے اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ اور پولیس حکام پہنچے اور انہیں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کاروائی کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ جس کے بعد پولیس کے سب انسپکٹر محمد اجمل کی مدعیت میں دفعہ 295Cکے تحت ملزم عبدالعلی عرف لالا کے خلاف خروٹ آباد تھانے میں مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کی جانب سے گرفتاری کے بعد مشتعل ہجوم نے خروٹ آباد تھانے پر دھاوا بول دیا اور تھانے کے مرکزی دروازے کو توڑ کر احاطے میں داخل ہوگئے اور ملزم کو مظاہرین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔ بعدازاں ایس ایس پی آپریشنز کو ئٹہ محمد بلوچ سمیت پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے حکام تھانے پہنچ گئے تاہم صورتحال کشیدہ رہی۔
کوئٹہ،توہین رسالت کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار، مشتعل ہجوم کا احتجاج

ٹیگز:
توہین رسالت
