کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) حق دو تحریک گوادر کے سربراہ رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے کہا ہے کہ گوادر سمیت ملحقہ علاقے کئی ہفتوں سے تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ سمندر پر 70 فیصد ٹرالر مافیا کا قبضہ ہے ڈھائی سو ارب روپے کی مچھلی چوری ہوتی ہے۔ بارڈر بند ہونے کی وجہ سے لوگ بے روزگاری کی اذیت سے دو چار ہیں۔ میرے حلقہ انتخاب میں کرنل اور بریگیڈیئر تعلیم، صحت، آبنوشی سمیت دیگر محکموں میں مداخلت کررہے ہیں اس اقدام کے خلاف 5 ستمبر کو غیر معینہ مدت کے لئے کوسٹل ہائی وے پر دھرنا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے 20 سال سے سی پیک کا ڈھونگ رچاکر تمام منصوبے بلوچستان سے باہر بنائے گئے ہیں۔ وزیرا عظم سے ڈاکٹر مالک اور دیگر نے ملاقاتیں کیں مسائل کی جانب توجہ مبذول کرائی لیکن وفاقی اور صوبائی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہیں بلوچستان کے مسئلے پر تمام پارٹیوں کے رہنماؤں کو اعتماد میں لیا گیا ہمیں دعوت نہیں دی گئی کیونکہ ہم سچ بولتے ہیں مسائل کا ادراک چاہتے ہیں وہ سچ سننا نہیں چاہتے ہیں بلکہ وقت گزاری سے کام لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں فارم 47 کا پیداوار نہیں بلکہ عوام کا حقیقی نمائندوں ہوں عوام کے حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کروں گا دو کرنل تعلیم، صحت، پی ایچ ای سمیت دیگر محکموں میں مداخلت کررہے ہیں میرے آبائی علاقہ سربندر کے گرلز سکول میں مداخلت کرکے اپنی مرضی کی ہیڈ مسٹرلگانا چاہتے ہیں کرنل اور بریگیڈیئر بچیوں کے سکول میں مداخلت بند کریں خواتین ٹیچرز کے ساتھ مداخلت برداشت نہیں کریں گے۔ سیکورٹی پر سالانہ 180 ارب روپے خرچ ہونے کے باوجود امن وامان کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے عوام کی عزت نفس، جان و مال محفوظ نہیں فورسز لوگوں کو امن دینے سے رہ گئے ہیں قتل و غارت گری عروج پر پہنچ چکی ہے۔ اب سیاست، ضلعی انتظامیہ اور محکموں میں مداخلت کررہے ہیں جوکہ نیک شگون نہیں ہے چوکیدار بارڈر سنبھال کر اپنا کام کریں سیاستدانوں کو اپنا کام کرنے دیں۔ بھتہ خوری نے امن وامان کی صورتحال کو خراب کرکے رکھ دیا ہے۔میں بطور عوامی نمائندہ گوادر میں کام کرنا چاہتا ہوں مجھے کرپشن، زمین، مال و دولت سے کوئی غرض نہ کہ ایک روپے کمیشن کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 ستمبر کو 4 بجے محکموں میں مداخلت، بجلی کی بندش، ٹرالر مافیا، بے روزگاری کے خلاف سیاسی جماعتوں سے ملکر مطالبات کے حل تک غیر معینہ مدت کیلئے دھرنا دیں گے جب تک ہمارے مطالبات حل نہیں تے بیٹھے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کئی ہفتوں سے مکران اور گوادر میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے حلقہ انتخاب تاریکی میں ڈوب گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بارڈرز کی بندش کی وجہ سے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔ حکومت نوجوانوں کو روزگار دینے میں سنجیدہ نہیں ہے جس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پر 70 فیصد ٹرالر مافیا کا قبضہ ہے ٹرالر مافیا کے ذریعے 2 سو سے ڈھائی سو ارب کی
مچھلی چوری ہوتی ہے جس سے پسنی، اور اڑہ میں مچھلیوں کی نسل کشی ہورہی ہے ٹرالر مافیا نے مقامی ماہی گیروں کو نان شبینہ کا محتاج بنادیا ہے حکومت کو کئی دفعہ آگاہ کرنے کے باوجود اس اہم مسئلہ پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد
کوئٹہ (این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق جائزہ اجلاس یہاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری یو پی اینڈ ڈی اسفند یار خان کاکڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سیکرٹری بلدیات عبدالرؤف بلوچ، چیئرمین بی آر اے نور الحق بلوچ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات اور سی ای او پی پی پی بورڈ فیصل خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس کو کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کوئٹہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر بریفنگ دی اجلاس کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوئٹہ شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں کچرہ اٹھانے کا کام جاری ہے نالوں کی مکمل ڈی سلٹنگ کی جاری ہے اور نالوں کے اوپر تعمیرات کا خاتمہ کیا جارہا ہے اور ہسپتالوں کے فضلے کو جلایا جارہا ہے اور تجاوزات کے خلاف بھی مہم جاری ہے جبکہ ریڑھی بانوں کے لئے جوائنٹ روڈ کوئٹہ میں ریڑھی بازار کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے اجلاس میں کوئٹہ شہر میں قائم اسٹیریس لائٹس کو پی پی پی موڈ پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اجلاس کو کوئٹہ میں کیفے بلدیہ، ٹریڈ لائسنس کلیکشن اور مذبح خانوں سے متعلق بھی بریف کیا گیا اور اس سے متعلق اہم فیصلے بھی کئے گئے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ شہر کی بڑی سڑکوں کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لئے دیواروں پر وال چاکنگ کرنے والوں کی خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کوئٹہ شہر میں سرکاری اراضی پر قائم دکانوں کی مکمل تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔اجلاس میں میٹرو پولیٹن کوئٹہ کے ملازمین کے مسائل اور دیگر متعلقہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ شہر ہمارے صوبے کا چہرا ہے اس کی خوبصورتی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیصفائی اور کچرہ ٹھکانے لگانے کے عمل کو کوئٹہ شہر سمیت مضافات تک وسعت دی جائے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہر کی صفائی کے لئے درکار تمام مطلوبہ فنڈز فراہم کریگی اور کوئٹہ میں صفائی کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرکاری ملازمین کے علاج معالجے کے اخراجات کی ادائیگی کا طریقہ کار سہل بنانے کی ہدایات جاری کردی
کوئٹہ (این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرکاری ملازمین کے علاج معالجے کے اخراجات کی ادائیگی کا طریقہ کار سہل بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں، میر سرفراز بگٹی نے قوائد کے مطابق سرکاری ملازمین کے طبی اخراجات کی ادائیگی اور خرچ کردہ اخراجات کی واپسی کے لئے ماڈرن اینڈ سمارٹ طریقہ کار متعارف کروانے کا حکم دیا ہے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق موجودہ طریقہ کار میں سرکاری ملازمین کو علاج معالجے کے اخراجات کی ادائیگی ایک طویل اور پیچیدہ عمل کے ذریعے ہوتی ہے جس سے سرکاری ملازمین کو مشکلات اور طویل وقت انتظار کرنا پڑتا ہے وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے ان مشکلات کے فوری حل کے لئے جامع سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے اس ضمن میں محکمہ صحت کو جامع تجاویز پر مشتمل قابل عمل سمری کی تشکیل اور منظوری کے لیے سی ایم آفس بھیجوانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
قوم اور ملک کے محافظ ہیں، اور یہ محافظت ایک عظیم اور باوقار حیثیت ہے۔ آپ کی بہادری اور عزم کی بدولت ہم عوام اور افسران سکون اور تحفظ میں ہیں ڈپٹی کمشنر گو ادر حمود الرحمن
گو ادر (این این آئی) بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر سو ل فورسز کا ایک اہم اور مشترکہ دربار منعقد ہوا۔ 25 اور 26 اگست کو بلوچستان کے مختلف شہروں میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کے بعد منعقد ہونے والے اس دربار کا مقصدسو ل فورسز کے مابین مربوط اور مؤثر کارروائیوں کی حکمت عملی تیار کرنا تھا، تاکہ ضلع میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بخوبی نمٹا جا سکے۔ دربار میں بلوچستان پولیس، لیویز، بلوچستان کانسٹیبلری (بی سی)، اور کوسٹل ہائی وے پولیس کے اعلیٰ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن، ڈی آئی جی مکران ریجن ڈاکٹر فرحان زاہد، ڈی آئی جی کوسٹل ہائی وے پولیس برکت علی کوسہ، اور ایس ایس پی گوادر نجیب اللہ پندرانی نے سیول فورسز کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کیا۔ ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن نے جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ قوم اور ملک کے محافظ ہیں، اور یہ محافظت ایک عظیم اور باوقار حیثیت ہے۔ آپ کی بہادری اور عزم کی بدولت ہم عوام اور افسران سکون اور تحفظ میں ہیں۔ اگر خدا کے بعد کسی کو محافظ کا رتبہ حاصل ہے، تو وہ آپ ہیں۔ ڈی آئی جی مکران ریجن ڈاکٹر فرحان زاہد نے اپنے خطاب میں جوانوں کی عزت و وقار کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہاآپ ہماری عزت ہیں، اور مجھے یقین ہے کہ آپ کسی بھی مشکل صورتحال کا سامنا اپنی قوم اور عوام کی خاطر بہادری سے کریں گے۔ آپ کی غیرت اور عزم ہمیں ہر مشکل گھڑی میں کامیابی دلائے گا۔ ڈی آئی جی کوسٹل ہائی وے پولیس برکت علی کوسہ نے کہا، آ پ قوم کے محافظ ہیں، اور قوم کا بھروسہ آپ پر ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ شہریوں کے تحفظ کی خاطر اپنی جان کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ایس ایس پی گوادر نجیب اللہ پندرانی نے پولیس کے جوانوں کو نظم و ضبط اور ہر وقت تیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری ردعمل دینے کے لیے ہمہ وقت مستعد رہنا لازمی ہے۔ اس دربار کا انعقاد اس عزم کے اظہار کے ساتھ ہوا کہ سیول فورسز کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مشترکہ اور مربوط کارروائیاں کریں گی تاکہ علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
میرے حلقے میں کرنل اور بریگیڈیئرمداخلت کررہے ہیں،مولانا ہدایت الرحمن

ٹیگز:
مولانا ہدایت الرحمن
