لاہور(ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے عوامی دھرنے کے ثمرات سمیٹنے اور حکومت کی جانب سے عوامی مطالبات تسلیم کرنے کے معاہدے پر دستخط کے بعد اظہار تشکر کے پیغام میں کہا ہے کہ بے لوث عوامی خدمت ، اہل وطن کے مسائل کا حل اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی جماعت اسلامی کا مشن ہے – اس کی تکمیل کے لیے جماعت اسلامی تمام قانونی اور جائز حربے استعمال کرتی ہے۔جماعت اسلامی نے عوامی دھرنے کی قیادت صرف پسے ہوئے عوام کے مسائل کے حل کے لیے کی – دھرنے کو مستقل مزاجی اور صبر سے کامیاب بنانے والے عوام خود ہیں – جماعت اسلامی نے قیادت کرتے ہوئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ چودہ دن جس مستقل مزاجی سے عام افراد ، مزدور ، دیہاڑی دار ، تنخواہ دار طبقے اور گھریلو خواتین کی گرمی اور حبس کے باوجود دھرنے میں شرکت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ عام آدمی مہنگائی ، بھاری بلوں اور ٹیکسز کے بوجھ سے کس قدر پریشان ہے۔انہوں نے کہا کہ ارکان و کارکنان کی ان تھک محنت رنگ لائی اور ہم حکومت سے عوام کے لیے ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں -اس پر ہم یوم تشکر منائیں گے اور عوامی جلسوں کا اہتمام کیا جائے گا ڈاکٹر حمیرا طارق نے حکومت کو خبردار کیا کہ دھرنا ختم نہیں کیا ، صرف مؤخر کیا ہے – معاہدوں کی عدم تکمیل کی صورت میں پہلے سے زیادہ جوش و شدت سے عوامی تحریک چلائیں گے ۔
دھرنا ختم نہیں صرف مؤخر کیا ہے،معاہدوں کی عدم تکمیل کی صورت میں عوامی تحریک چلائیں گے،ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
