کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل عوامی نیشنل پارٹی کو گورنر شپ کی بھی پیشکش کی گئی لیکن ہم نے ایسی پیشکش ٹھکرادی جس کی وجہ سے عوام کو انکے حقوق نہ مل سکیں ہم نے کبھی ضمیر کا سودا نہیں کیا ہمیشہ عوام کے لئے قربانیاں دی ہیں،ہم باچا خان کے پیروکار ہیں زور زبردستی کسی کی بات نہیں مانیں گے عوام کے ووٹ سے آئے ہیں صرف اپنے عوام کی بات مانیں گے،عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرتے رہیں گے جو پاکستان کے آئین کو نہیں مانتا ہم اس کو نہیں مانتے بلوچ اور پشتون قوم کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی،سینیٹر ارباب عمر فاروق،اراکین صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی اور ملک نعیم بازئی سمیت دیگر کے ہمراہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار میں منعقدہ عوامی نیشنل پارٹی کے استقبالیہ جلسے سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ پارٹی چیئرمین منتخب ہونے پربھی مجھ پر بہت سار ے سوالات اٹھائے گئے یہ بھی کہا گیا کہ مجھے کسی اور مخلوق نے کوئٹہ سے سلیکٹ کیا ہے الزامات سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا ہماری جماعت انقلابی جماعت ہے ہمارے اندر با چا خان کا خون ہے جنہوں نے وزیراعظم بنانے سے انکار کیا تھا ہم ہر حل میں اپنے عوام کی خدمت کرینگے ہم نے نہ کبھی غلامی کی ہے اور نہ ہی کر سکتے ہیں ہم باچا خان ولی خان کی سیاست کے پیروکار ہیں کوئٹہ میں سب قوموں کو ساتھ لے کر چلونگا اور سب کو یہاں ہدایت کرونگا کہ غلامی کی زندگی سے نکلا جائے،آئین پاکستان کو بنانے والے خود آئین کونہیں مانتے پشتون قوم ایک تاریخی رکھتی ہے جس کو اب تقسیم کرنے کی نا کام کوشش کی جا رہی ہے پشتون قوم کی تاریخ کو دنیا نے دیکھا ہے،سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ یورنیورسٹیز اب منشیات فروخت کی جا تی ہیں ملک میں جہاں قدراتی وسائل ہیں وہاں سیکورٹی کے مسائل بھی ہیں ہماری گیس اور بجلی پنجاب کو مل رہی ہے پشتون،بلوچ اورپنجابی ہم سب بھائی ہیں مگر ہم اپنا حق کسی کو لینے نہیں دینگے۔ اس موقع پر جلسے سے خطاب کر تے ہوئے سینیٹر ارباب عمر فاروق، اراکین صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی،عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی اور ملک نعیم بازئی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں جو حالات ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں یہ ملک یہ مٹی فطری طور پر آزادی چاہتی ہے یہاں صرف ایک ہی طاقت چلتی ہے اس کا علم سب کو ہے ہمارے ہاں گیس نہیں اور پنجاب میں کارخانے چل رہے ہیں اگر ہم اس ملک میں ایک ہوناچاہتے ہیں تو قوم پرستی نا کی جائے جو حق پنجاب کو ملتاہے وہ بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کو بھی ملنا چاہیے حکومت بلوچستان کے پاس اتنے اختیار ات نہیں کہ وہ اپنے فیصلے خود کرسکے وزیر اعلی اور چیف سیکرٹری اپنے اختیارات استعمال نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ باچا خان کی سیاست سے ہمارا تعلق ہے آج ہم جس مقام پر موجود ہیں اس کا سہرا باچا خان کے سر جاتا ہے ہم اپنے ووٹ کے زریعے اقتدار میں آئیے ہیں کسی سے بھیک نہیں مانگی ہم نے ہمیشہ دہشت گردی کیخلاف اور پر امن سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی نے روز اول سے چمن پرلت کی حمایت کی ہے اے این پی نے پہلے بھی چمن کے لوگوں کے مسائل حل کئے ہیں چمن دھرنے کے حوالے سے وزیر اعلی بلوچستان سے بھی بات کی ہے اگر وزیر اعلی اجازت دیں تو ہم خوش اسلوبی سے چمن کے لوگوں کے مسائل حل کر سکتے ہیں اس وقت چمن کے لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں چمن کے لوگوں کا روزگار بند کرنا پشتون دشمن کے مترادف ہے ایران بارڈر سے لوگ کارڈ کے ذریعہ آتے جاتے ہیں لیکن چمن بارڈر پر کیوں نہیں آسکتے۔ انہوں نے کہاکہ ہم تشدد اور توڑ پھوڑ کے خلاف ہیں ہم امن کی بات کرتے ہیں ہم اپنے حقوق کی بات کر رہے ہیں اپنا حق لیکر رہیں گے آج ملک غیر مستحکم ہوچکا اپنے حقوق کے لئے ہمیں مل بیٹھ کے اتحاد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری تحریک آئین کی پاسداری کے لئے ہے ہمارا اتحاد حکومت کے لئے نہیں حقوق اور آئین کے لئے ہے انتخابات میں بلوچ اور پشتونوں کو حقوق نہیں دیئے گئے۔
الیکشن سے قبل اے این پی کو گورنر شپ کی پیشکش کی گئی لیکن ہم نے ٹھکرادی،سینیٹر ایمل ولی خان

ٹیگز:
سینیٹر ایمل ولی خان
