اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ گندم بیرون ملک سے منگوانے کے معاملے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی، میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، مجھے کسی نے تحقیقات کے لیے نہیں بلایا، ہمارے اقدامات کی وجہ سے مہنگائی کم ہوئی، غریب کو روٹی سستی ملی تو مجھے گالی دی جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی چینل پر ایک پروگرام میں گفتگو کرتے کرتے ہوئے سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ملک میں گندم کا کوئی بحران نہیں ہے اور نہ ہی اس معاملے میں کوئی کرپشن ہوئی، میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، مجھے کسی نے تحقیقات کے لیے نہیں بلایا۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پرائیوٹ سیکٹر کو امپورٹ کی اجازت دینے کا ایس آر او پی ٹی آئی دور حکومت میں جاری ہوا، وہ ایس آر او آج تک نافذ العمل ہے۔
سابق نگراں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ایک فرانسیسی کمپنی 8 دن تو کیا 3 دن میں سامان پہنچا دیتی ہے، ہمارے ہاں جھوٹ بکتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ گندم فراہمی اور استعمال کا گیپ ابھی بھی ہے، ہمارے اقدامات کی وجہ سے مہنگائی کم ہوئی، 12 کروڑ کنزیومر کو روٹی اور آٹا سستا ملا، غریب کو روٹی سستی ملی تو مجھے گالی دی جا رہی ہے۔

