کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیب (بلوچستان) نے “معاشرے سے بدعنوانی کا خاتمہ کیسے کریں؟” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا۔نیب اپنی آگاہی مہم کے تحت عوام کو بدعنوانی کی برائی کے خلاف تحریک دینے کے لیے آگاہی سیمینارز، لیکچرز، ورکشاپس اور کانفرنسز کا انعقاد کرتا رہتا ہے۔ اسی مناسبت سے نیب (بلوچستان) میں مورخہ 19 اپریل 2024 کو “معاشرے سے بدعنوانی کا خاتمہ کیسے کریں؟” کے موضوع پر ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ لورالائی یونیورسٹی کے وائس چانسلر جناب احسان اللہ کاکڑ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار میں ڈی جی نیب (بلوچستان) جناب اظہار احمد اعوان، ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے جناب طارق خان کے ہمراہ نیب افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔سیمینار کا بنیادی مقصد عام لوگوں میں بدعنوانی کے خلاف آگاہی پھیلانا تھا تاکہ وہ کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ ڈائریکٹر جنرل نیب (بلوچستان) جناب اظہار احمد اعوان نے اپنے افتتاحی کلمات میں مہمان خصوصی اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ تقریب کا مقصد بیان کرتے ہوئے انہوں نے معاشرے پر مرتب ہونے والے بُرے اثرات پر روشنی ڈالی اور عام افراد سے گزارش کی کہ وہ اپنا بدعنوانی کے تدارک میں اپنی کلیدی کردار ادا کریں۔سیمینار کے مہمان خصوصی جناب احسان اللہ کاکڑ وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی نے بھی کرپشن سے پاک معاشرے پر زور دیا اور ہر ایک کو ہنر سیکھنے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پاکستان کے ہر شہر میں کچھ ماڈل ادارے شروع کرنے چاہئیں تاکہ معیشت کی ترقی کے لیے ہنر مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ملک بھی کرپشن کی لعنت میں مبتلا ہے جس کی وجہ سے غربت مزید بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے حاضرین کو آئی ٹی پر مبنی ہنر سیکھنے کی سفارش کی اور کہا کہ اس سے نہ صرف کرپشن کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ ملک بھی ترقی کرے گا۔ ڈی جی نیب (بی) نے حاضرین کو نیب (بلوچستان) کی خواتین کی جانب سے کی جانے والی ہنر مندانہ سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس قسم کی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے کی یقین دہانی کرائی.
ہمارا ملک کرپشن کی لعنت میں مبتلا ہے جس کی وجہ سے غربت مزید بڑھ رہی ہے،ڈی جی نیب بلوچستان

ٹیگز:
ڈی جی نیب بلوچستان
