کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کا متفقہ آئین اور ناقابل تسخیر دفاع شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مرہون منت ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے حقیقی جمہوریت کی بنیاد رکھی، سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر عوام کے ووٹ کے تابع کیا، شہید بھٹو نے تمام فیصلوں کوعوام کی منشا سے منسلک کیا۔یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی45ویں برسی کے موقع پراپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار بھٹو نے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کے لئے جدوجہد کی شہید بھٹو کی شخصیت کا تاثر اور سحر آج بھی لوگوں کے اذہان پر طاری ہے مشکل مسائل کیلئے عوام سے رہنمائی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاست کا طرہ امتیاز رہا،بھٹو کے وژن جمہوریت اور سماجی انصاف کے رہنما اصولوں کو لیکر چلیں گے شہید بھٹو کی میراث ہم سب کے لئے ایک مثال ہے، وزیر اعلیٰ میر سر فراز بگٹی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے منصفانہ اصولوں کو اپنانے کی ضرورت ہے انہی اصولوں پر گامزن ہوکر پاکستان کو سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل سے نکالا جا سکتا ہے پیپلز پارٹی پسے ہوئے طبقات کو یکساں حقوق کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے سندھ و بلوچستان کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے عوامی اعتماد پر پورا اتریں گے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن پر گامزن ہوکر عوام کو درپیش مشکلات سے نجات دلائیں گے۔

