کوئٹہ (ڈیلی گر ین گوادر)سیاست میں مفاہمت،رواداری اور برداشت کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔مزاحمتی رویہ و سیاسی شورش ریاست اور جمہوری تسلسل دونوں کے لئے نقصاندہ ثابت ہوگی۔یہ بات پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ء و رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران نے اسدقیصر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی قیادت کی مزاحمتی اورانتقامی سیاست نے ریاست کی سلامتی اور قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔جس کے منفی اثرات آج تک ملک وقوم بھگت رہی ہے۔عوام نے سیاسی قیادت کو ووٹ اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لئے نہیں بلکہ ملک و قوم کو درپیش سلگتے مسائل سے نجات اور معیشت کی ڈوبتی کشتی کو منجدھار سے نلکالنے کے لئے سیاسی کردار ادا کرنے کے لئے دیاہے۔پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت کو اپنے حقیقی فرض کی پہچان اور اسکی مخلصانہ ادائیگی کے لئے کردار ادا کرناہوگا۔سیاسی اختلافات اور انتخابی اعتراضات پر متعلقہ فورم پرآئینی وقانونی راستہ اختیار کرنا چاہیے۔بلا جواز ریاست و عوام کو انارکی کی جانب دھکیلنے کی کوشش کرنا نہ صرف اپنے حلف کی خلاف ورزی بلکہ ملک وقوم کے ساتھ بے وفائی اور سنگین سیاسی دشمنی ہے۔ریاست کو درپیش سنگین مسائل کا تقاضا ہے کہ تمام تر قومی سیاسی قیادت باہمی اتفاق و اتحاد سے متفقہ میثاق بقاء ریاست و قومی سلامتی ترتیب دیں تاکہ قوم کو سیاسی ومعاشی عدم استحکام سے نجات دلانے کے لئے دائمی قابل عمل روڈ میپ مہیا کیا جاسکے۔کیونکہ ریاست کی بقا اور قومی سلامتی میں ہی ہم سب کی سلامتی اور سیاسی بقا ہے۔
سیاست میں مفاہمت،رواداری اور برداشت کلیدی حیثیت رکھتے ہیں،سردارعبدالرحمان کھیتران

ٹیگز:
سردارعبدالرحمان کھیتران
