کوئٹہ(ڈیلی گرین گواردر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا با برکت مہینہ ایک دن کی دوری پر ہے مہنگائی اپنی انتہائی سطح پر ہے ہمارے ملک میں رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کم کرنے کی بجائے بڑھا دی جاتی ہے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان کی عوام کو اشیاء خورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنائیں اگرچہ وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان نے رمضان پیکیج کا اعلان کردیا ہے لیکن یہ پیکج ناکافی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹرمحمدعبدالقادر نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ مارکیٹوں میں اشیاء ضروریہ کے نرخوں پر کڑی نظر رکھے تاکہ عوام کو ارزان نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی ممکن ہو سکے ذخیرہ اندوزی کرنے والے منافع خوروں کو قانون کے دائرے میں لاتے ہوئے سخت سزائیں دی جائیں تاکہ مفلوک الحال لوگ انکے ستم اور سفاکیت سے محفوظ رہ سکیں بلوچستان رقبے کے اعتبار سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اسکی آبادی جابجا بکھری ہوئی ہے ضلعی اور تحصیل سطح کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ حاجت مندوں تک اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے بلوچستان بری طرح سے متاثر ہوا ہے ان بارشوں کی وجہ سے صوبے کے طول و عرض میں بسنے والے لوگوں کا بے انتہا نقصان ہوا ہے حکومت نے متاثرین کی بحالی کے لیے جتنے فنڈز مختص کئے ہیں وہ ناکافی ہیں فنڈز کی فراہمی نقصانات سے مطابقت نہیں رکھتی بلوچستان حکومت اور وفاقی حکومت کو چاہئے کہ فی الفور متاثرین کو نقصانات کے مطابق فنڈز بہم پہنچائیں تاکی وہ بروقت اپنی رہائش گاہوں کی مرمت اور دیکھ بھال کر سکیں شدید بارشوں میں زخمی ہونے والوں کو سرکاری خرچ پر معیاری علاج معالجے کی سہولیات مہیا کی جائیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت اور وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبے بھر کے مخیر حضرات کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے ان بہن بھائیوں کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں رمضان المبارک کے دوران تکلیف میں مبتلا ان بہن بھائیوں کی بحالی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے حکومت اور مخیر حضرات کی خصوصی توجہ سے صوبہ بھر کے متاثرین کی بحالی ہنگامی بنیادوں پر ہونی چاہئے تاکہ لوگ رمضان المبارک کے روزوں کی سحر و افطار کا بندوبست کر سکیں۔
حکومت بلوچستان نے رمضان پیکیج کا اعلان کردیا ہے لیکن یہ پیکج انتہائی ناکافی ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر محمد عبدالقادر
