کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)محمود خان اچکزئی کے گھر چھاپے کے خلاف پشتونخوا میپ نے شٹرڈاﺅن ہڑتال کااعلان کردیا۔ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار وپشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے کے خلاف پشتونخواملی عوامی پارٹی نے پیر کو کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں احتجاجی ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے ،صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیاگیا اس موقع پر پارٹی رہنماﺅں کاکہناتھاکہ پارٹی کے سربراہ اور نو منتخب ایم این اے محمود اچکزئی کے کوئٹہ میں گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے اور چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔تاریخ گواہ ہے کہ ہم آئین قانون کی بالادستی کے سوا کسی ڈکٹیٹر کے حامی نہیں رہے۔ محمود خان اچکزئی صدر پاکستان کے امیدوار ہیں ان کے گھر پر چھاپے کا مقصد سب کو معلوم ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلی کے پہلے دن ہمیں جمہوریت کا ساتھ دینے کی پاداش میں تحفہ دیا گیا ہے۔عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے گھر پر حملے کے بعد پارٹی کے کارکنوں کے کاروبار کو سیل کیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ روڈ پر شورم اور پمپ کو بھی سیل کیا گیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ چھاپے کے خلاف کل دوپہر تین بجے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔محمود خان اچکزئی کی تقریر کے بعد ریاستی اداروں کو ان کارروائیوں کا خیال آیا ہے۔ ہمیں اطلاع تھی کے محمود خان کے گھر یا ان کے بچوں پر منشیات کا کیس ڈال کر گرفتار کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر پشتونخواملی عوامی پارٹی نے 5مارچ کو شٹرڈاﺅن ہڑتال کااعلان کردیا۔
محمود خان اچکزئی کے گھر چھاپے کیخلاف پشتونخوا میپ کا کل شٹر ڈاﺅن ہڑتال کا اعلان

ٹیگز:
محمود خان اچکزئی
