کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب کابینہ کا تعارفی اجلاس صدر خلیل احمد کی زیر صدارت کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بی یو جے کی قیادت نے صحافتی اداروں کی جانب سے بیک جنبش قلم صحافیوں کو برطرف کئے جانے کے طرز عمل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عدالتوں سے دادرسی کا فیصلہ کیا ہے، بی یو جے کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اجلاس کے یک نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی گفتگو کے دوران میڈیا مالکان کے صحافیوں کے ساتھ روا غیر قانونی اور غیر آئینی سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عامل صحافیوں کے حقوق کی جنگ عدالتوں میں لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ قانونی طور پر میڈیا مالکان صحافیوں کو بغیر کسی نوٹس کے ادارے سے فارغ نہیں کر سکتے، صحافیوں کے آئینی حق کی جدوجہد میں تنظیم اپنی ذمہ داریوں میں تغافل نہیں برتے گی۔ بی یو جے نے تمام متاثرہ صحافیوں کو دو دن میں درخواستیں جمع کرانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ درخواستوں کی وصولی کے بعد وکلاء کے ساتھ ملکر صحافیوں کی برطرفی کے معاملے کو جنگی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کا مختلف میڈیا اداروں سے برطرف صحافیوں کے لئے عدالتوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ

ٹیگز:
یونین آف جرنلسٹس
