کراچی(ڈیلی گرین گوادر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پوری قوم کویہ بتادیا گیا ہے کہ آپ کے ووٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پورے پاکستان نے بتا دیا کہ عوامی رائے کو انجینیئرنگ سے بدلا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈینٹ کی توہین کی گئی ہے۔ فارم 45 کا سلسلہ روک دیا گیا تھا، دو بجے تک فارم دینے کا کہا گیا لیکن کارکنان کو فارم نہیں دیےگئے ،پوری رات کارکن انتظار کرتے رہے اور جس وقت فارم 45 ملا اس میں بدترین تبدیلی کی گئی تھی۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ مقابلہ آزاد امیدوار اور ہمارے درمیان تھا ۔شہر میں جماعت اسلامی نے سب سے زیادہ ووٹ لے کرپی ایس 91 پر کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے نمبر پر ایم کیو ایم تھی، ہمیں فارم 47 موصول ہوگیا ہے جس میں ایم کیو ایم نے صرف5 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔ کراچی نے پانچ فیصد ووٹ بھی ایم کیو ایم کو نہیں دیے،کراچی کی عوام نے ان کو مسترد کردیا ہے لیکن آج انہیں ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سامنے الیکشن کمیشن ہے ان کے پیچھے کون ہے یہ وہی بتاسکتے ہیں، کبھی میئر کے ووٹ پر قبضہ،کبھی صوبائی،قومی اسمبلی کے مینڈینٹ پر قبضہ ہوتا ہے یہ سب کر کے پوری قوم کو پیغام دیا ہے آپ کے ووٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ ملک میں عام انتخابات میں پولنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک قومی اسمبلی کے حلقوں کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے سامنے آئے ہیں۔

