کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم اسے توڑنا نہیں چلانا چاہتے ہیں اور اس کیلئے شرط یہ ہوگی کہ اس ملک کااپنا آئین ہے جس نے ہم سب کو یکجا کر رکھا ہے ا س پر مکمل عملدرآمد ہو۔ عوام کا منتخب کردہ پارلیمنٹ سپریم اور طاقت کا سرچشمہ ہو، حقیقی وفاقی پارلیمانی جمہوری فیڈریشن کا قیام ہو،جمہور کی حکمرانی ہو، قوموں کی برابری ہو،قانون، انصاف سب کیلئے برابر ہو، عوام کی منتخب کردہ پارلیمنٹ سے خارجہ وداخلہ پالیسیوں کی تشکیل ہو، قوموں کے وسائل پر ان کے واک واختیار کو تسلیم کرنا ہوگا،ہر ادارے کو آئین میں وضع کردہ آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دینے ہونگے اور سیاست میں مداخلت سے گریز کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین NA-266چمن قلعہ عبداللہ اور NA-263کوئٹہ IIسے پارٹی کے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی نے پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام عوامی اجتماعات، اولسی جرگوں اور حلقہ پی بی41کے پارٹی کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کی محنت کی بدولت آج عوام جوق در جوق پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صفوں میں شامل ہورہے ہیں، عوام باشعور ہیں اور انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی قومی تحریک کا حصہ بن رہے ہیں،ایسے میں غرور وتکبر سے بچنا ہوگا اور مزید محنت کرنی ہوگی، ہمیں عوام کی طاقت کی ضرورت ہے اور اب یہ ہم سب کی آزمائش ہے کہ ہم اپنے عوام کو کیسے متحد ومنظم رکھیں۔پشتونخوامیپ کی سیاست، تنظیمی سرگرمیاں اور ذمہ داریاں پوری کرنے میں ذمہ دار عہدیداروں، کارکنوں کو سستی،کاہلی یا اپنے فرائض میں غفلت نہیں برتنی ہوگی اور اگر کوئی اپنی مصروفیات یا کسی مجبوری کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر پارہا تو اسے کسی اور ذمہ دار کارکن کو اپنے فرائض حوالے کرنا چاہیے۔ کیونکہ پشتونخواملی عوامی پارٹی آج جس مقام تک پہنچی ہے اس کے پیچھے شہادتیں،قربانیاں، قید وبند کی سزائیں، بہت سے رہنماؤں،کارکنوں، گمنام سپاہیوں کی محنت شامل ہیں۔ ایسی صورتحال میں جب پشتونخوا وطن کے عوام کی امیدیں آپ کی پارٹی سے ہوں تو ہمیں انتہائی چوکنااور اپنے فرائض کو ایمانداری کے ساتھ سرانجام دینے ہونگے۔ اب بھی اگر ہم اپنے قومی اہداف کے حصول میں ناکام ہوئے تو اس کے ذمہ دار ہمارے عوام نہیں بلکہ پارٹی کے یہ عہدیدار ہونگے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ماضی میں اقتدار، حکمرانی بزور طاقت قائم کیا جاتا تھا لیکن باشعور لوگ یہ سمجھتے تھے کہ جو حکمرانی بزور طاقت،جبر، رشوت، تعصب کی بنیاد پر قائم ہو اسے اقتدار نہیں کہا جاسکتا اور پھر انسانی جدوجہد اور اتفاق کے بدولت یہ ممکن ہوا کہ دنیا بھر میں اقتدار کیلئے 5سال کی مدت مقرر کی گئی اور ہر 5سال بعد انتخابات ہونگے اور عوام اپنے رائے کے ذریعے جسے بھی ووٹ دینگے وہ عوام کا نمائندہ ہوگا،ووٹ کی یہ پرچی صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ یہ عوام کی وہ طاقت ہے جو اقتدار کے ختم ہونے پر ہر پانچ سال بعد عوام کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ اپنے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کرے اور یہ جمہوریت کی ایک کامیابی بھی ہے۔ انتخابات کے دن ہیں ایسے کچھ لوگ بھی یہاں گلی محلوں میں گھوم رہے ہیں جنہیں عوام نے کبھی دیکھا بھی نہیں ہوگا، عوام کو بھوک وافلاس کاشکاراور پسماندہ، ضرورت مند سمجھ کر ہزاروں، لاکھوں روپے کے ذریعے ان کے ضمیروں کا سودا کررہے ہیں اور کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو عزیزی وقریبی اور زئی وخیلی کے نام پر قوم کو تقسیم کرنے میں مصروف ہیں، عوام ایسے لوگوں کو پہچانیں اورانہیں ایسے شکست دے کہ ووٹ اپنی قومی پارٹی اپنی قومی تحریک کو دیں اور پشتونخوامیپ کے انتخابی نشان”درخت“ پر مہر لگائیں اور پھر جب وہ آپ سے پوچھیں کہ ووٹ کیوں نہیں دیا تو انہیں بتائیں کہ آپ نے چند پیسوں کیلئے ہمارے ضمیرکو خریدنے کی جرات کیسے کی تھی یہ آپ کی غلط سوچ کا مثبت جواب ہے۔ ہمارے سیاسی اکابرین جس میں پشتون، بلوچ، سندھی، بنگالی سب کے سرکردہ رہنماء شامل تھے جو ایک ایسا پاکستان بنانا چاہتے تھے جس میں ہر قوم کا اپنا صوبہ، اپنے وسائل پر واک واختیار ہو۔ اس میں شک نہیں کہ اکابرین کی محنت، طویل جدوجہد وقربانیوں کے بدولت اس ملک کے قیام کے بعد دیگر اقوام کو اپنے اپنے صوبے اپنی قومی تشخص اور شناخت ملی لیکن پشتون اپنے قومی متحدہ صوبے سے محروم رہے۔ پشتون وطن اور عوام کو تقسیم کرکے پنجاب، قبائل اور اس پشتون صوبے میں شامل کردیا گیا۔ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے اس پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ شدید احتجاج کیا اور کابل بھی گئے اور وہاں خان عبدالغفار خان باچا خان سے ملاقات کی اور انہیں کہا کہ آپ چلیں اور ولی خان ودیگر ساتھیوں کو سمجھائیں، غوث بخش بزنجو ودیگر سے کہا کہ آپ بیشک بلوچستان صوبہ بنائیں لیکن جو وعدہ ہمارے ساتھ کیا گیا اس کی پاسداری کرے پشتونوں کو اپنی سرزمین پر قومی صوبہ دیا جائے لیکن خان شہید کا کسی نے ساتھ نہیں دیا اور خان شہید عبدالصمدخان اچکزئی نے ان سے اپنی راہیں جدا کرلی اور فیصلہ کیا کہ وہ چالیس سال کی قرابت کو ختم کرکے پشتون قومی وحدت کیلئے الگ سے کوشش وجدوجہد کرینگے۔ خان شہید کے ساتھ کوئی نہیں تھا نہ اُس وقت تعلیم یافتہ نوجوان تھے۔اُس وقت صادق کاسی، ڈاکٹر لطیف یاسین، غلام سرور آکا یاسین زئی، عثمان خان کاسی، محمد یوسف پیر علیزئی، ملک عبدالعلی اور دیگر چند ساتھیوں کے ہمراہ کوئٹہ کے علاقے ہنہ میں ایک اجلاس منعقد ہوا اور اس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ہم اس صوبے کو نہیں مانتے۔ اور پھر اسی اجلاس میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے پرچم اور جماعت کی تشکیل دیکر از سر نو جدوجہد کا آغاز کیا۔ خان شہید کاساتھ اُس وقت کسی نے بھی نہ دیا سوائے دیہاتوں کے چند بزرگوں بخت محمد ترہ کئی، ظریف سلیمانخیل، غلام حیدر سلیمانخیل، جلات خان علیزئی، ملوک علیزئی چند دیگر ساتھیوں کو اکھٹا کرکے پشتون قوم کیلئے آواز بلند کی اور انہیں آگاہ کیا پشتونوں پر بُرے حالات مسلط کیئے جارہے ہیں ان سے ان کی قومی شناخت، قومی صوبہ، واک واختیار چھین لیا گیا ہے۔ہمارے پاس کوئی اقتدار یا لشکر نہیں اور ہم نے اپنی قوم کیلئے پشتونخواملی عوامی پارٹی بنائی ہے اور یہ اس قوم کی چوکیدار پارٹی ہوگی جو اپنے عوام کے حقوق، اس کے سرزمین اور وسائل کی تحفظ کریگی اور جلسے جلوس کے ذریعے جدوجہد کرتی رہیگی۔
قوموں کے وسائل پر ان کے واک و اختیار کو تسلیم کرنا ہوگا،محمود خان اچکزئی

ٹیگز:
محمود خان اچکزئی
