کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و حلقہ پی بی 44سے امیدوار حاجی میرنوراللہ لہڑی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) 8فروری کو عوامی ووٹ کی طاقت سے برسراقتدار آکر ملک وقوم کی خدمت کریگی،میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوجائیگا عوام مہنگائی،بے روزگاری اور عوامی مشکلات کے خاتمہ کیلئے مسلم لیگ(ن) کے نمائندوں کو کامیاب کروائیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو بڑیچ قومی اتحاد کے سربراہ ملا عبیداللہ بڑیچ سے ملاقات کے دوران بات چیت اورکلی کشمیر آباد قمبرانی روڈ پر شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ریاض احمد سمالانی،محمد اسلم سمالانی،شفیع محمد سمالانی،شاہ محمد سمالانی،لیاقت علی سمالانی،غلام محمد سمالانی، حضوربخش سمالانی سمیت دیگر نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔حاجی نوراللہ لہڑی نے ریاض احمد شاہوانی اورانکے دیگرساتھیوں کو پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انکی شمولیت سے حلقے میں مسلم لیگ(ن) کی پوزیشن مزیدمضبوط ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں،مہنگائی بیروزگاری اورمعیشت کی بحالی کاحل صرف اورصرف نوازشریف ہیں انہیں چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنانے کے لئے عوام ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف،پارٹی صدر میاں محمدشہباز شریف نے عوام کے سامنے پارٹی کاانتخابی منشور رکھ دیا ہے پاکستان مسلم لیگ(ن) ہی عوام کے مسائل حل کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 8فروری کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کے انتخابی نشان ”شیر“ پرمہرلگاکر پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنائیں انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) عوام کو مایوس نہیں کریں گی۔
مسلم لیگ(ن) عوامی ووٹ کی طاقت سے برسراقتدار آکر ملک وقوم کی خدمت کریگی،حاجی نوراللہ لہڑی

ٹیگز:
حاجی میرنوراللہ لہڑی
