کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نگران وزیر خزانہ امجد رشید نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے‘ نوجوان تعلیم کیساتھ ہنر بھی سیکھیں ‘اوور سیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ذیلی دفتر کے قیام کے دوررس نتائج نکلیں گے۔ یہ بات انہوں نے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کوئٹہ کے دورے کے موقع پر گفتگو میں کہی پرنسپل شعیب انور شیرازی نے انہیں مختلف شعبوں کا دورہ کرایااور بریفنگ دی۔وزیر خزانہ نے سینٹر کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کسی بھی معاشرے کے تعلیمی اور معاشی استحکام کی ضامن ہوتی ہے جن ممالک نے فنی تعلیم کو اپنی عمومی تعلیم کا حصہ بناکر اس پر توجہ دی وہاں معاشی ترقی کی رفتار زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو فنی علوم سے آراستہ کرکے نہ صرف بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر بھی گامزن کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا ئے جائیں گے۔صوبے کے مختلف فنی تربیتی مراکز میں ریگولر کورسز کے علاوہ نیو ٹیک کے زیر اہتمام جدید کورسز خاص طور پر ای کامرس سے متعلق ہنر سکھایا جا رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی سی کوئٹہ میں اوور سیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے دفتر کے قیام کے دوررس نتائج نکلیں گے کیونکہ مختلف ممالک میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی بہت ضرورت ہے‘ کورین زبان سکھانے کا کورس مثبت پیشرفت ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ٹی ٹی سی صوبائی دارالحکومت کا بہترین فنی تعلیمی ادارہ ہے اور یہاں کے نوجوانوں کیلئے سنہری موقع ہے کہ وہ جدید فنی علوم حاصل کر کے با عزت روز گار کمانے کے قابل ہو سکیں اور ملک و صوبے کی معیشت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت فنی تعلیم کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کریگی۔
حکومت صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، نگران وزیر خزانہ امجد رشید
ٹیگز:
امجد رشید
