کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 42 سے آزاد امیدوار مدثر صدیق نے کہاہے کہ کرپشن اور بدعنوانی نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کرکے رکھ دی ہیں انتخابات میں کامیابی کی صورت میں ملک سے کرپشن کے خاتمے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کوقریشی محلہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پرحاجی سرمد صدیق اوردیگر نے بھی خطاب کیاانہوں نے کہا کہ ماضی سے حلقے سے کامیاب ہونے والے امیدواروں نے علاقے کے مسائل کے حل کیلئے کوئی خاطرخواہ اقدامات نہیں اٹھائے عوام پینے کے صاف پانی، تعلیم،صحت اوردیگر سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت میں منتخب ارکان کو علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے 5سال کے لئے اربوں روپے کے فنڈزملے جو کاغذوں کی حد تک ترقیاتی کاموں پر خرچ ہوئے لیکن زمین پر کوئی بھی ترقیاتی کام نظرنہیں آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے ووٹ دیکر کامیاب کیاتو یتیم،بیواوں اور نادار افرادکیلئے خصوصی فنڈز کے اجراء، خواتین اوربچوں کیلئے ٹیکنیکل سینٹر اور نوجوانوں کیلئے اعلیٰ تعلیم اور روزگار کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوام ماضی میں منتخب ہونے والے نمائندوں کے جھانسے میں نہ آئیں ووٹ کے ذریعے ایسے نمائندوں کو مستردکردیں جنہوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام 8فروری کو ہمارے انتخابی نشان”ماچس“ پر مہرلگاکر کامیاب بنائیں انشاء اللہ انہیں مایوس نہیں کریں گے۔
کرپشن اور بدعنوانی نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کرکے رکھ دی ہیں، مدثر صدیق

ٹیگز:
مدثر صدیق
