کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکر ٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے پارٹی نے قومی اور صوبائی سطح پر انتہائی باشعور، باصلاحیت، عوامی اور حلقے کے مسائل سے باخبر امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی ہزارہ ٹاؤن کے زیر اہتمام حلقہ پی بی 40 سے انجینئر ہادی عسکری کی پارٹی کے نامزد امیدوار سردارزادہ عبدالصمد گورگیج کے حق میں دستبرداری تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر حلقہ پی بی 40 سے نامزد امیدوار سردارزادہ عبدالصمد گورگیج بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روزی خان کاکڑ نے کہا کہ میں اپنی اور تمام صوبائی قیادت کی جانب سے انجینئر ہادی عسکری اور ہزارہ ٹاؤن کے ساتھیوں کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہماری عزت افزائی کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ پی بی 40 سے نامزد امیدوار سردارزادہ عبدالصمد گورگیج کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے اور پارٹی کے تمام فیصلے بھی جمہوری انداز میں کئے جاتے ہیں حلقہ پی بی 40 سے 4 ساتھیوں نے درخواست جمع کئے تھے جبکہ ٹکٹ ایک ساتھی ہی کو ملنا تھاجو سردارزادہ عبدالصمد گورگیج کو ملا وہ بھی مرکزی قیادت کا فیصلہ ہے۔ ہم سب ساتھیوں کو چاہیے کہ شخصیات کو نہیں دیکھنی صرف تیر کے نشان پر ٹھپہ لگانا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس میں دو رائے نہیں کہ انجینئر ہادی عسکری، ملک عیسی خان ہزارہ اور ان کے ساتھیوں نے ہزارہ ٹاؤن میں پاکستان پیپلز پارٹی کو نہ منظم اور فعال بنایا بلکہ دیگر پارٹیوں کے مقابلے میں برابر لاکر کھڑا کیا جو قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ہادی عسکری نے صوبائی قیادت کے سامنے جو مسائل اور مطالبات پیش کئے وہ تمام جائز اور برحق ہے۔ میں ہزارہ ٹاؤن کے ساتھیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ جن مسائل کا تعلق صوبائی قیادت سے ہے ان کو تسلیم کرتے ہوئے ہزارہ ٹاؤن کے مسائل اور مطالبات کو ہر ممکن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور جن مسائل کا تعلق مرکزی قیادت سے متعلق ہے میں یقین دلاتا ہوں کہ تمام مسائل کو ان کے نوٹس میں لاکر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری پاکستان پیپلز پارٹی کا روایتی حصہ رہا ہے اور انہوں نے ہمیشہ پارٹی کو صوبے اور ہزارہ ٹاؤن میں فعال و منظم بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی اور صوبائی سطح پر انتہائی باشعور، باصلاحیت، عوامی اور حلقے کے مسائل سے باخبر امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے جو پارٹی کارکنوں کی محنت سے منتخب ہوکر نہ صرف حلقہ انتخاب بلکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے 10 نکاتی منشور کے مطابق عوامی مسائل حل کرنے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے 10 نکاتی منشور کے مطابق عوامی مسائل حل کرنے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، روزی خان کاکڑ

ٹیگز:
روزی خان کاکڑ
