چمن (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع چمن کے زیر اہتمام پارٹی کے ضلعی سیکرٹری حاجی صحبت خان اچکزئی کی صدارت میں پارٹی کارکنوں کے تربیتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے مرکزی سیکرٹریز ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صلاح الدین خان اچکزئی، صوبائی سینئر نائب صدر سید شراف آغا، حاجی سیف اللہ خان عشیزئی، ضلعی سینئر ڈپٹی سیکرٹری حاجی جمال خان، ضلعی سینئر معاون شیرعلی خان، نامزد امیدوار پی بی 51 اباسین خان اچکزئی،تحصیل بوغرہ سیکرٹری ظہور خان اچکزئی،تحصیل سینئر ڈپٹی سیکرٹری نجب الدین خان اچکزئی، مفتی مطیع اللہ شیرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ انتخابات ایک ایسے حالات میں ہورہے ہیں کہ ایک جانب 76روز سے چمن کے لاکھوں لوگ اپنے مطالبات کے حق اور حکومتی ناروااقدامات کے خلاف دھرنادیئے بیٹھے ہیں اور دوسری جانب شدید سردی میں چمن کے ہزاروں غریب خاندان اس وقت بھوک وافلاس سے دوچار ہیں،ان کے روزگار، ذریعہ معاش کا خاتمہ کرکے انہیں فاقوں پر مجبور کیا جارہا ہے۔ ایسے میں پشتونخواملی عوامی پارٹی جو روز اول سے چمن پرلت کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پرپارٹی کے رہنماؤں وکارکن پرلت میں موجود رہے ہیں اورپارٹی آخری لمحے تک اس دھرنے کا ساتھ دیتی رہیگی۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے پاس اس فیصلے کا مینڈیٹ ہی نہیں یہ منتخب عوامی حکومت کا اختیار ہے یہ زور زبرستی جبر سے مسلط کردہ فیصلہ ہے پشتونخوامیپ غیور پشتون عوام،عوام دوست جمہوریت پسند قوتوں نے اس فیصلے کو روز اول سے نہ صرف یکسر مسترد کردیا بلکہ اس کیخلاف پورے جنوبی پشتونخوا میں احتجاجی تحریک چلائی۔ڈیورنڈ لائن پر پاسپورٹ ہمارے عوام کو قبول نہیں۔ہمارے عوام کو اس فیصلے کے ذریعے معاشی،اقتصادی طور پر بربادکرکے ان کا معاشی قتل عام کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پشتونخوامیپ اپنے عوام کی تائید و حمایت سے اٹھ کھڑی ہوئی تو انسانوں کے سمندر کو کنٹرول کرنا موجودہ حکمرانوں کیلئے مشکل ہوگا ہم دھمکی نہیں دیتے مگر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے خدارا عوام کے غم و غصے کا احساس کریں۔ پشتونخوامیپ پشتونخوا وطن کی واحد نمائندہ چوکیدار پارٹی ہے جس نے اپنی غنی وطن کے وسائل کا ہر وقت مضبوط دفاع کیا اور قدرت نے ہمیں بیش بہا نعمتوں سے نوازا ہے اس قوم کو زرخیز زمین، سنگلاخ پہاڑ،آبی سمندری ذخائر،کوئلہ، سنگ مرمر،ماربل،جنگلات سے مالا مال کیا ہے مگر کچھ قبضہ گر زور آور قوتیں اس پر نظریں جمائے بیٹھی ہیں تاکہ وہ کسی نہ کسی طرح سے پر قبضہ کرکے اس قوم کو اپنے وسائل سے محروم رکھ کر اپنے ہی وسائل پر مالک بننے کی بجائے مزدوری پر مجبور کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پشتونوں کے دیگر وسائل کی بندر بانٹ کے ساتھ ساتھ حالیہ ڈیجیٹل مردم شماری میں 30لاکھ پشتون آبادی پر کٹ لگا دی گئی اور نتیجہ یہ حالیہ حلقہ بندیاں آپ کے سامنے ہیں کے اسمبلی میں آپ کے نمائندوں کی تعداد کم کردی گئی اور اسی طرح تعلیم، صحت سمیت ہر شعبہ زندگی میں ملنے والی سہولیات سے عوام کو محروم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ پر پہلا حق اُس کا ہے جس نے عوام کو ووٹ دلایا اب فیصلہ عوام نے کرنا ہوگا کہ وہ اپنا قیمتی ووٹ کا استعمال کیسے کرینگے۔ یہاں زئی وخیلی کے نام پر اتحادوں، موسمی پرندوں کی اڑان جاری ہے۔ عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں، پشتون وطن کا سودا کرکے اس سرزمین کو غیروں کو منتقل کرنیوالوں کا احتساب ہمارے عوام نے کرنا ہوگا۔ گزشتہ حکومت اور پشتونخوامیپ کے دور حکومت کے کاموں کا موازنہ کرناہوگا۔ عوام باشعور ہیں اور وہ اپنے درست فیصلے سے اپنے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کرینگے اور عوامی فیصلے کو تبدیل کرنے کی کوشش کرنیوالوں، دھاندلی کے ذریعے اپنے من پسند افراد کو لانے والوں کو عوام کے غم وغصے کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو بجاء طور پر امید ہے کہ غیور عوام 8 فروری کو انتخابات میں ”درخت“کے انتخابی نشان پر اپنا مہر ثبت کرینگے اوراپنے نمائندوں کا انتخاب کرکے ان ملکی ایوانوں میں بھیج کر اپنے حقوق کی دفاع کیلئے بھیجیں گے۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ تنظیمی صفوں کو مزید منظم،تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط اور پارٹی فعالیت کو دوبالا کرتے ہوئے الیکشن سرگرمیوں،تیاریوں کو تیز کرتے ہوئے ضلع چمن کے تینوں تحصیلوں کے علیحدہ علیحدہ تربیتی سیمیناروں کے انعقاد کو یقینی بناکر گھر گھر انتخابی مہم کو یقینی بنائیں۔
ڈیورنڈ لائن پر پاسپورٹ ہمارے عوام کو قبول نہیں، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی

ٹیگز:
ڈاکٹر حامد خان اچکزئی
