کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل اور جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام کی نظریں اور ہمدردیاں مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہیں، 8فروری مسلم لیگ(ن) اور عوام کی فتح کا دن ہے، عوام کی طاقت سے بھاری مینڈیٹ سے صوبے اور وفاق میں اپنی حکومت بنائیں گے۔یہ بات انہوں نے قلعہ سیف اللہ میں نوابزادہ طور گل جوگیزئی کی اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) پاکستان کو بنانے اور اسکی ترقی و خوشحالی کی بنیاد رکھنے والی جماعت ہے آج عوام،سیاسی وقبائلی رہنماؤں کی پارٹی میں جوق در جوق شمولیتیں اس بات کی دلیل ہیں کہ بلوچستان اور ملک بھر کے عوام کے لیڈر میاں نوازشریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کا منشور بلوچستان کے سلگتے مسائل کو حل کرنا، عوام کو بنیادی سہولیات دینا اور معیشت میں بہتری لانا اور جو تباہی پونے4 سال میں ہوئی اسے ٹھیک جگہ پر لانا ہے۔ الیکشن میں کامیابی کے بعد غربت بے روزگاری اور مہنگائی کے باسث عوام جن مشکلات سے دوچار ہیں ان سے چھٹکارہ دلانا مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا گیا،ہم غیر ملکی قرضے واپس کررہے تھے اگر ترقی کی وہ رفتار جاری رہتی تو آج ہم بہت آگے ہوتے یہی نہیں ہم دنیا میں ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں بھی بہت آگے پہنچ چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شمولیت کرنے والے معتبرین کو خوش آمدید کہتے ہیں عہدیدار اور کارکنوں بھر پور انتخابی مہم چلائیں اور مسلم لیگ(ن)کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔
عوام کی طاقت سے بھاری مینڈیٹ سے صوبے اور وفاق میں اپنی حکومت بنائیں گے، شیخ جعفر خان مندوخیل

ٹیگز:
شیخ جعفر خان مندوخیل
