کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی بقاء و استحکام کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے نے پی ٹی آئی کی غیر جمہوری سازشوں کو بروقت روک دیا ہے،عام انتخابات کا شیڈول آچکا ہے کارکن بھر پور انداز میں متحرک ہوں اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے سب سے زیادہ کوشش پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کی ہیں اور پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو انتخابات کے میدان عمل میں عوام کے درمیان کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ کارکن و عہدیدار بھر پور انداز میں انتخابی مہم چلائیں اور پارٹی کے پیغام کو گھر گھر عام کریں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے ہم نے ہمیشہ امیروں اور جاگیرداروں کے بجائے عام آدمی، مزدور، کسان،متوسط اور غریب طبقے کی بقاء کی سیاست کی ہے تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جس کے دور میں تنخواہیں بڑھیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا، آغاز حقوق بلوچستان پیکج، این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم جیسے انقلابی اقدامات ہوئے اب بھی ہم عوام کی طاقت سے 8فروری کو سرخرو ہونگے اور اپنی حکومت بنائیں گے اور اس بار ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے ساتھ ساتھ عام عوام کے لئے ایسے منصوبے شروع کریں گے جن سے انہیں باعزت روزگار،تعلیم، صحت سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
کارکن بھر پور انداز میں متحرک ہوں اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں، چنگیز جمالی

ٹیگز:
چنگیز جمالی
