پشاور(ڈیلی گرین گوادر)نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں حملہ کرنے والے دہشت گرد جنگ ہارچکے ہیں، ریاست جنگ جیت چکی، دہشت گردوں کی شکست کا صرف اعلان باقی ہے۔
ڈیرہ اسمٰعیل خان میں دہشت گرد حملے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور گورنر خیبر پختونخوا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ میں جنہیں حوصلہ دینے گیا تھا انہوں نے مجھے حوصلہ دیا، ڈیرہ اسمٰعیل خان میں حملہ کرنے والے دہشت گرد جنگ ہارچکے ہیں، دہشت گرد ایک حملہ کریں گے ہم دس قدم آگے بڑھیں گے، وہ 10 حملے کریں گے ہم 100 قدم آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں کے جذبے جوان ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکا ہے، ریاست جنگ جیت چکی، دہشت گردوں کی شکست کا صرف اعلان باقی ہے۔نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اس جیتی ہوئی جنگ میں جنہوں نے قربانیاں دیں وہ یہاں اور جنت میں بھی راحت میں ہوں گے، علمائے حق ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گرد ہمیں کبھی خوف زدہ نہیں کرسکتے، وہ کوئی بھی حربہ استعمال کرلیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے جبکہ ہم جیتے ہوئے لوگوں کے ساتھ ہیں چاہے وہ یہاں ہوں یا آخرت میں۔

