کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج 56ویں یوم تاسیس پر تاریخی جلسہ کریگی، آج کا جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا کامیاب ترین جلسہ ہوگا،بلوچستان کے عوام آج ثابت کریں گے بلوچستان پیپلز پارٹی کا دوسرا گھر ہے،پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کریں گے۔یہ بات انہوں نے پارٹی کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ نواب ثناء اللہ زہر ی نے کہا کہ بلوچستان ہمیشہ سے پیپلز پارٹی کے جیالوں کا دوسرا گھر رہا ہے صوبے کے عوام نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو کا ماضی میں ربردست خیر مقدم کیا ہے اب ہم پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زردار ی اور صدر آصف علی زرداری کا بھر پور استقبال کریں گے اور آج کے جلسے کو تاریخی بنا کر بلوچستا ن میں نئی سیاسی تاریخ رقم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدور، کسان، ہاری اور متوسط طبقے کی جماعت ہے ہماری جڑیں عوام کے بیچ ہیں اور ہم عوام کی طاقت سے ہی ہمیشہ کامیاب ہوئے ہیں آج کا جلسہ اس بات کو ثابت کریگا کہ بلوچستان کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی انتخابی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کریگی اور فروری میں ہونے والے عام انتخابات میں نہ صرف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی بلکہ اپنی حکومت بھی قائم کریگی۔انہوں نے کہا کہ جیالوں اور صوبے کے عوام کا جوش دیدنی ہے عوام نے جلسے سے پہلے ہی اسکی کامیابی کی نوید سنا دی ہے۔
بلوچستان کے عوام آج ثابت کریں گے بلوچستان پیپلز پارٹی کا دوسرا گھر ہے، نواب ثناء اللہ خان زہری

ٹیگز:
نواب ثناء اللہ خان زہری
