کوئٹہ(ڈیلی گر ین گوادر)زمیندار ایکشن کمیٹی کا اجلاس جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں حاجی ولی محمد رئیسانی، سید عبدالقہار آغا، کاظم خان اچکزئی، حاجی شیر علی مشوانی، میر خورشید جمالدینی،ملک عبدالمجید مشوانی، ٹکری محمد افضل بدوزئی، حاجی عزیز سرپرہ،ٹکری پار الدین، میر اعظم ماندائی، حاجی محمد یعقوب شاہوانی، سید صدیق اللہ آغا، ملک منظور احمد نوشیروانی، حاجی فتح محمد بادینی، میر حق نواز لانگو، خالق داد ملکیار، قدیر احمد کرد، عبدالباقی لانگو، حاجی دوست محمد، حاجی منظور مینگل،عبدالمالک بدوزئی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد کی اسلام آباد میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، سیکرٹری انرجی سمیت دیگر سے ملاقاتوں سے متعلق اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں 27 نومبر کو بلوچستان بھر میں غیر معینہ مدت کیلئے پہیہ جام ہڑتال کی تیاریوں بارے بھی غور کیا گیا۔پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین خالد کھوکھر، سینیٹر سردار شفیق ترین، مولانا عبدالغفور حیدری کے مشکور ہیں کہ انہوں نے زمیندار ایکشن کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور حکام بالا تک مسائل پہنچائے۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد کی کی سربراہی حاجی کاظم خان اچکزئی کررہے تھے وفد میں حاجی عزیز سرپرہ، حاجی محمد حیات لہڑی، صدیق اللہ آغا، عبداللہ جان میرزئی، حافظ صمد مینگل، ٹکری پار الدین بنگلزئی، فضل الرحمان محمد شہی، حاجی مومن ترین شامل تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات کو مدنظر رکھتے ہوئے زمیندار ایکشن کمیٹی 27 نومبر کا غیر معینہ مدت کیلئے پہیہ جام ہڑتال تا حکم ثانی موخر کرتے ہیں اجلاس میں زمینداروں کو ہدایت کی گئی کہ تمام زمینداران پرانے شیڈول کے مطابق بل باقاعدگی کے ساتھ جمع کرے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زمینداروں نے کہا کہ موجودہ حالات بلوچستان کے زمینداروں کیلئے موت و زیست کا مسئلہ ہے کرسیوں پر براجمان نااہل لوگوں کی وجہ سے زمیندار صرف سانس لے رہے ہیں اور آئی ایم ایف کے نام پر وہ سانسیں بھی چھین رہے ہیں۔ زمینداروں نے تشویش کا اظہار کیا کہ نگران وزیراعظم اور انرجی حکام بلوچستان کے زمینداروں کی بجلی بحال نہیں کی گئی ہے جو باعث افسوس ہے، حاجی کاظم خان اچکزئی کی قیادت میں اسلام آباد جانے والے وفد سے ملاقات میں چیف سیکرٹری بلوچستان کو سیکرٹری انرجی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرانے شیڈول کے مطابق 10 دسمبر تک بجلی بحال کی جائیں، زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن اور کیسکو کے ساتھ معاملے کیلئے فارمولا طے کیا جائے جس پر 5 دسمبر کو فارمولے پر حتمی فیصلہ اسلام آباد میں ہوگا۔ زمیندار ایکشن کمیٹی نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ وہ فارمولا طے کرنے کیلئے جلد سے جلد اجلاس طلب کرے تاکہ زمینداروں کے قیمتی ایام ضائع نہ ہوں کیونکہ سیزن زمینداروں کیلئے انتہائی اہم ہوتا ہے۔
مذاکراتی عمل،زمیندار ایکشن کمیٹی نے 27 نومبر کا غیر معینہ مدت تک پہیہ جام ہڑتال موخر کردیا

ٹیگز:
زمیندار ایکشن کمیٹی
