کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ تاریخی دورے پر امریکی صدر سے ملاقات کیلئے امریکہ پہنچ گئے ہیں چینی صدر سان فرانسسکو میں 30ویں ایشیا پیسفک اکنامک کانفرنس میں شرکت کریں گے چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ امریکہ عالمی تنازعات کے حل اور اقتصادی ترقی میں چین کے کردار کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹرمحمدعبدالقادرنے کہاکہ ملاقات کے دوران چین اور امریکہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا سان فرانسسکو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم، امریکی وزیر خزانہ جینٹ یلین اور دیگر امریکی نمائندوں نے چینی صدر کا استقبال کیا چینی صدر کا یہ دورہ امریکہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب بین الاقوامی منظر نامہ نہایت پیچیدہ اور گھمبیر صورتحال اختیار کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ باہمی تعلقات اس وقت ایک اہم موڑ پر ہیں دونوں طاقتوں کے درمیان سیاسی کشمکش ایک نیا رخ اختیار کرتی جارہی ہے امریکہ چین تائیوان ایشو کو بلا جواز ہوا دینے پر مصر ہے جبکہ پاکستان ون چائنا پالیسی کا علمبردار ہے مشرق وسطیٰ کی صورتحال نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے فلسطین میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی جارحیت اور بربریت کی پیچھے امریکہ کھڑا ہوا نظر آتا ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ چین کی ابھرتی ہوئی معاشی طاقت امریکہ کے لئے وجہ نزع بنی ہوئی ہے امریکہ چین کے بڑھتے ہوئے اقتصادی اثر و رسوخ سے پریشان ہے اب جبکہ چین عالمی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کروانے میں کامیابی سے اپنا لوہا منوا چکا ہے تو امریکہ چین کے اس رسوخ کو ہضم نہیں کر سک رہا چین کی پوری کوشش ہے کہ کسی طریقے سے اسرائیل فلسطین تنازعہ کا پر امن حل تلاش کر لیا جائے جبکہ امریکہ اس تنازعے میں جلتی پر تیل کا کام کر رہا ہے چینی صدر کے دورہ امریکہ پر دیگر اقتصادی اور سیاسی معاملات کے علاوہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملوں کو رکوانے کے حوا لے سے بھی بات چیت ہوگی۔
چینی صدر سان فرانسسکو میں 30ویں ایشیا پیسفک اکنامک کانفرنس میں شرکت کریں گے،سینیٹر محمد عبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر محمد عبدالقادر
